مسلم لیگ (ن) متحد ہے، آئندہ الیکشن 2018 میں عوام نواز شریف کو ہی ووٹ دیں گے‘ ملک رفیق رجوانہ

مشکلات اور مصائب پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتے ، نوجوانوں میں ملک کے لئے کام کرنے کے جذبے اور لگن کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو معاشرے میں پھیلے منفی رحجانات کے خاتمے کیلئے بھی کام کرنا ہوگا ‘ گورنر پنجاب

ہفتہ 17 مارچ 2018 22:29

مسلم لیگ (ن) متحد ہے، آئندہ الیکشن 2018 میں عوام نواز شریف کو ہی ووٹ دیں ..
گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے جو سورة الرحمن کی جیتی جاگتی تصویر ہے، اعلی تعلیم یافتہ طلباء وطالبات کو اپنے وطن کی خدمت کو ہی مشن بنا لینا چاہیے ، حقیقی جذبہ اور لگن یہی ہے کہ ڈگری کے حصول کے بعدخدمت انسانی کو مقصد کا درجہ دیا جائے،عصر حاضر کے علوم اور جدید ٹیکنالوجی پر دسترس سے ہی معاشرے میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے اور اسی کی بدولت ملک و قوم کو دنیا میں نمایاں مقام پر کھڑا کیا جاسکتا ہے ،حکومت پنجاب نے تعلیمی شعبے کی ترقی اور اعلی تعلیم تک آسان رسائی کے لئے انتہائی جامع اور ٹھوس اقدامات کئے ہیں جس سے نوجوان نسل میں آگے بڑھنے اور صلاحیتوں کے اظہار کے لئے سبقت حاصل کرنے کا عزم صمیم پیدا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں گفٹ یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) ڈاکٹر نظام الدین اور چیئرمین گفٹ یونیوسٹی محمدانور ڈار کے علاوہ مختلف شعبوں کے ڈین‘ فیکلٹی ممبرز‘ والدین اور اساتذہ شریک تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی ترقی ‘ استحکام اور مستقبل ایسے ہی قابل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور یہی حقیقی سرمایہ اور اثاثہ ہیں انہی کی صلاحیتوں اور قربانیوں کی بدولت پاکستان مزید خوشحالی‘ خود کفالت اور استحکام حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ یونیورسٹیوں اور دیگر اعلی تعلیم کے اداروں میں طلباء کی نسبت طالبات کا کامیابیوں اور نمایاں پوزیشنز لینے میں زیادہ حصہ ہے ۔انہوں نے گفٹ یونیورسٹی کے کانووکیشن میں بھی اول پوزیشن حاصل کرنے والی انعام یافتہ 60فیصد طالبات کو زبردست سراہا اور ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو معاشرے میں پھیلے منفی رحجانات کے خاتمے کیلئے بھی کام کرنا ہوگا تاکہ ہر سطح پر مثبت سوچ و فکر اور سرگرمیوں کی ترویج ہوسکے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دوسروں کی برائی کرکے خود کونمایاں کرنے کا رواج کسی صورت بھی قابل تعریف نہیں ہوگا لہذا ایسے عناصر کوذاتی اوراجتماعی حیثیت میں راہ راست پر لانا ہوگا‘محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ڈگریاں تحفوں سے کسی طور کم نہیں ہیں ان کے حصول کے بعد ڈگری ہولڈرز کو بھی یہ گفٹ‘ ملک و قوم ادارو‘ں اساتذہ اور والدین کو لوٹانا ہونگے۔

انہوں نے گفٹ یونیورسٹی کو بھی ریجن کیلئے ایک گرانقدر تحفہ قرار دیا اور کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی تعلیمی شعبوں میں کارکردگی انتہائی قابل ستائش اورقابل تقلید ہے۔انہوں نے اس موقع پر ملک کی حفاظت پر مامور تعلیم یافتہ فوجی نوجوانوں اور افسروں اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہا کہ ایسی ہی قربانیوں کی بدولت آج ہمارے ملک اور نوجوانوں کا مستقبل بھی محفوظ ہے۔

انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ ڈگری حاصل کرنے کے بعداپنے علم کو دوسروں تک پہنچائیں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی بہتری کیلئے وقف کردیں ایسے ہی کامیاب اور ذہین طلباء وطالبات کے کارناموں کی آخری حد آسمان ہی ہے وہی ہر افق کا روشن ستارہ ہیں۔کانووکیشن سے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین ‘ چیئرمین گفٹ یونیورسٹی محمد انور ڈار‘ شعبوں کے ڈینز نے بھی خطاب کیا۔

کانووکیشن کے درمیان گورنر نے کامیاب ڈگری ہولڈرز کو ڈگریاں تقسیم کیں اور گولڈ میڈل پہنائے۔ جبکہ یونیورسٹی کی جانب سے گورنر کو بھی سوینئر پیش کیاگیا۔بعد ازاں،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سرکٹ ہائوس گجرانوالا میں مسلم لیگ ن کے پارلیمنٹیرینز اور یوتھ ونگ کے سینئرعہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے‘ آئندہ آنے والا الیکشن 2018 میں عوام نواز شریف کو ہی ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری قیادت نے مجھ پر جو احسانات کئے ہیں اس پر میں شکرگزار ہوں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مشکلات اور مصائب پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتے ، نوجوانوں میں ملک کے لئے کام کرنے کے جذبے اور لگن کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، پاکستانی قوم عظیم ترپاکستان کی منزل تک ضرور پہنچے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قانون چوہدری محمود بشیر ورک‘ سابق ایم این اے مدثر قیوم ناہرا‘ ممبران صوبائی اسمبلی عبدالرئوف مغل‘ توفیق احمد بٹ‘ چوہدری محمد اقبال گجر‘عمران خالد بٹ‘ اکمل سیف چٹھہ‘ شوکت منظور چیمہ ‘ میئر شیخ ثروت اکرام اورصدر یوتھ ونگ شعیب بٹ ‘سٹی عامر اکرام بٹ ،ڈویژنل جنرل سیکرٹری جمشید ایوب بٹ ، حافظ کاشف جاوید ، خالد پرویز ڈار ، امین بٹ، ندیم انصاری، ماما شہباز، عمر جاوید بٹ ، قیصر بٹ ،شاہد عزیز کھوکھر، شیخ ناصر ، صفت بٹ، راشد گجر ، حبیب اللہ چغتائی ، بائو مالک نذیر ، ناصر نواب ، ذاکر نواب ،علیم کھوکھر،سعید بٹ ، عدنان انور ،صدیق میر ، یاسر محمود مغل،زین بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔