تین دہائیوں تک اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے آئین اور قانون کو کھلونا بنا دیا‘عبدالعلیم خان

بادشاہی نظام کے خلاف فیصلہ کن موڑ پر ہیں ،من پسند نظام لانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہونے دینگے

ہفتہ 17 مارچ 2018 22:14

تین دہائیوں تک اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے آئین اور قانون کو کھلونا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ کو اپنی مرضی کیخلاف فیصلے ہضم نہیں ہورہے، عدالتی اصلاحات کے ذریعے من پسند عدالتی نظام لانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، ملک میں بادشاہی نظام کیخلاف پی ٹی آئی کی جنگ فیصلہ کن موڑ پر ہے،اس کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے ۔

انہوں نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن سے آلودہ نظام شریفوں کو اتنا راس ہے کہ ان کو تبدیلی کا نام سن کر ہی خوف آنے لگتا ہے، انہوں نے کہا کہ تین دہائیوں تک اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے آئین اور قانون کو کرپٹ مافیا کا کھلونا بناکر رکھ دیا ہے،نواز شریف کی نااہلی کے بعد باقیات پر مشتمل کٹھ پتلی حکومت اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کرپٹ ٹبر کے تحفظ کیلئے سرگرم ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ جس ملک میں کسی ہوٹل سے روٹی چرانے والے کئی بھوکے ننگوں کو برسوں ضمانت کروانے والا نہیں ملتا، وہاں قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے بجائے حیلے بہانے تلاش کئے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ جس ملک میں ایک شہری کو بھی چندہزار روپے وصولی کیلئے خود لائن میں لگنا پڑتا ہے، وہاں ایک ہسپتال میں پڑے فریبی اور لٹیرے اسحاق ڈار کو سینیٹر بنانے میں کوئی چیز رکاوٹ نہیں بنتی۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ کیا لاکھوں قربانیاں دیکر پاکستان اس لئے بنایا گیا تھا کہ چند کرپٹ افراد طاقت اور دولت کے بل بوتے پر عوام کو بھیڑ بکریوں کی طرح ہانکتے رہیں ایک ٹبر کروڑوں لوگوں کا حق کھاجانے اور پکڑا جانے کے بعد بھی اقتدار سے چمٹا اور شاہانہ پرٹوکول کے مزے لوٹتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کے ارمانوں، امیدوں اور توقعات کی عزت کی ہوتی تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی،کیا ووٹ کی عزت تبھی بحال ہوتی ہے جب شریفوں کو اقتدار مل جائے اور وہ لوگوں کے جذبات سے کھیلنے کیلئے آزاد ہوں عبدالعلیم خان نے مزیدکہا کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں پوری قوم جاگ اٹھی ہے اور انشاء اللہ عام انتخابات میں عوام ووٹ اور عزت دونوں اسی کو دینگے جو ان کی خواہشات کا احترام کرے۔