نوجوان نسل کو صحت منداور مثبت سرگرمیاں دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تنظیم سازی بھی کریں گے ‘ ذکر اللہ مجاہد

جے آئی یوتھ 8اپریل کو مینار پاکستان پر گرینڈیوتھ کنونشن منعقد کریگی جس میں لاکھوں نوجوان شرکت کرینگے ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 17 مارچ 2018 22:14

نوجوان نسل کو صحت منداور مثبت سرگرمیاں دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تنظیم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو صحت منداور مثبت سرگرمیاں دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تنظیم سازی بھی کریں گے تاکہ با صلاحیت نوجوان قیادت کے طور پر اُبھریں اور ملک وقوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں 8اپریل کو مینار پاکستان پر ہونے والے گرینڈ یوتھ کنونشن کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ،نائب امرا جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم، ضیاء الدین انصاری ، جے آئی یوتھ پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل عثمان جاوید،جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف ، امراء علاقہ جماعت اسلامی لاہور عبدالرشید مرزا ، حاجی ریاض الحسن سمیت جے آئی یوتھ لاہور کے ذمہ دار نوجوان بڑی تعداد شریک تھے ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو ایک مقصداور ان کے مسائل کے حوالے سے ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے تاکہ ان کی تنظیم سازی اور تربیت کر کے ان کو سیاسی میدان میں اُتارا جا سکے۔ ہم صرف نعروں سے نہیں بلکہ حقیقت میں نوجوانوں کو اس قوم کا لیڈر بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ ملک وقوم کی تقدیر بدلنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع صدر جے آئی یوتھ لاہور شاہد نوید ملک نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل اور دست بازوہیں ۔ اسلامی اور خوشحال پاکستان کا خواب نوجوان نسل کے ذریعے سے ہی شرمندہ تعبیر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ 8 اپریل کو مینار پاکستان پر گرینڈ یوتھ کنونشن منعقد کر رہی ہے جس میں لاکھوں نوجوان شرکت کریں گے اور جماعت اسلامی نوجوانوں نسل کے ساتھ مل کر اسلامی اور خوشحال پاکستان کی راہ ہموار کرے گی ۔