پراسرار آتشزدگی سے جھلس کر جاں بحق ہونیوالوں کے ورثاء کا لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج

مشتعل مظاہرین نے دکانیں زبردستی بند کرا دیں،راستے مانگنے والے راہگیروں کو بھی زدو کوب کیا

ہفتہ 17 مارچ 2018 22:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) ستوکتلہ میں واقع گھر میں پر اسرار آتشزدگی سے جھلس کر جاں بحق ہونے والوںکے ورثاء نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا ، مشتعل مظاہرین نے زبردستی دکانیں بند کر ادیں جبکہ راستے مانگنے والے راہگیروں کو بھی زدو کوب کیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ستوکتلہ میں جمعہ کی رات پر اسرار آتشزدگی کے نتیجے میں پینتیس سالہ سر فراز اس کی تیس سالہ بیوی صباء اور دو بچے پانچ سالہ آمنہ اور کمسن بیٹا شیرو جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی تھیں ۔

گزشتہ روز جب لاشیں ورثاء کے حوالے کی گئیں تو ورثاء نے لاشیں گھر لیجانے کی بجائے ستوکتلہ روڈ پر رکھ کر احتجاج شروع کر دیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا ۔ اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے زبردستی دکانیں بند کرا دیں جبکہ راستہ مانگنے والے راہگیروں پر بھی زدو کوب کیا گیا ۔ ورثاء نے الزام عائد کیا کہ میاں بیوی کو بچوں سمیت قتل کرنے کے بعد آگ لگائی گئی ۔ پولیس ہمارے بیان کے مطابق مقدمہ درج نہیں کر رہی ۔ پولیس افسران کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کئے گئے اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی گئی ۔

متعلقہ عنوان :