ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اور الف اعلان کے اشتراک سے اپریل میں سائنس میلہ منعقد کیا جائے گا

ہفتہ 17 مارچ 2018 21:57

فیصل آباد۔17 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اور الف اعلان کے اشتراک سے ضلعی سطح پر تعلیمی اداروں میں سائنسی علوم کے فروغ کے لئے اپریل میں سائنس میلہ منعقد کیا جائے گا جس میں طالب علموں کے تیار کردہ سائنسی ماڈلز رکھے جائیں گے اس سلسلے میں ضروری امور کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خالد مسعود فروکہ نے ایک اجلاس کے دوران سائنس میلہ کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکولز ایجوکیشن سردار محمد ساجد،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز امداد اللہ،ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر ندیم سہیل،ڈپٹی ڈی ای اوز ایجوکیشن عبدالستار شاہ،حنا ریاض،محمد سرور،ڈائریکٹر پی ایچ اے عبداللہ نثار چیمہ،انچارج انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن تہمینہ افضل،پرنسپل گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول ڈاکٹر عمر فاروق،ڈائریکٹر ایوب ریسرچ ڈاکٹر محمد ابرار،چائلڈ پروٹیکشن آفیسر انعم انور،پرائیوٹ سکولز الائنس کے صداقت حسین لودھی،الف اعلان تںظیم کے معیض حسین،زینب جاوید اور ریجنل کوارڈینیٹر محمد آصف مغل ودیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے کہا کہ آئندہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے سائنس وٹیکنالوجی پر عبور ناگزیر ہے اس مقصد کے لئے سائنس میلہ کا انعقاد ضروری ہے لہذا محکمہ تعلیم,کالجز اور یونیورسٹیز کی انتظامیہ میلہ کے انعقاد کے سلسلے میں پلان فوری مرتب کرکے ڈی سی آفس کو فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو سائنسی علوم میں استعمال ہونے والے آلات اور ان کے فنکشن سے واقفیت ہونی چاہیے جو ان کی فکری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے اس ضمن میں ان کی رہنمائی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے سائنس کی تعلیم کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں الف اعلان کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ان کی معاونت سے ضلع بھر میں سائنس میلہ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر الف اعلان کے معیض حسین اور آصف مغل نے بھرپور تعاون پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ نے سائنس میلہ کے انعقاد کے سلسلے میں اب تک کے انتظامات اور بعض تجاویز پیش کیں۔