ڈپٹی کمشنر سے سول سروس اکیڈمی میں 45ویں کامن کورس کے زیرتربیت افسران کی ملاقات

ہفتہ 17 مارچ 2018 21:57

فیصل آباد۔17 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی سے سول سروس اکیڈمی میں 45ویں کامن کورس کے زیرتربیت افسران کی گیارہ رکنی ٹیم نے ملاقات کی۔ایڈیشینل ڈپٹی کمشنر(جنرل)خالد مسعود فروکہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں ضلع فیصل آباد کے تاریخی،جغرافیائی،صنعتی وترقیاتی پہلوئوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی بہبود،علاقائی وشہری ترقی کے لئے حکومت کے ترقیاتی پروگرام پر بھرپورانداز میں عملدرآمد کے لئے سرگرم عمل ہونے کے علاوہ محکمانہ اعلیٰ نظم ونسق اورکارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں عوامی ریلیف کے اقدامات کے لئے ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دبائو کے مسائل کے حل،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور تعلیم وصحت کے شعبہ میں 40،ارب روپے مالیت کے میگاپراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں جبکہ کینال روڈ پر کشمیر پل انڈر پاس اور سمندری روڈ پر ناولٹی پل انڈرپاس کے منصوبے بھی منظور ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے ترقیاتی منصوبوں اور ہستپالوں میں علاج معالجہ کی سہولتوں کی مانیٹرنگ کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی شہر ہونے کے ناطے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوںنے امن وامان کی صورت حال،گاڑیوں کی پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے پارکنگ پلازہ کی تعمیر،لوکل گورنمنٹ سسٹم،خواتین کی بہبود وترقی کے منصوبوں،سپورٹس کی سہولتوں میں اضافہ کے لئے پانچ جمنیزیم کے قیام،ایشیا کے بڑے چلڈرن ہسپتال کی تعمیر،مزدوروں کے مسائل اور شہری خوبصورتی،تعلیم وصحت سمیت دیگر شعبوں میں ترقی کے لئے مقامی صنعتکاروں ومخیر حضرات کی معاونت کے بارے میں آگاہ کیا۔

افسران کی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مختلف انتظامی،مالیاتی،ترقیاتی،حفاظتی امور،محکمانہ روابط اوردفتری طریقہ کار کے بارے میں بہترانداز میں آگاہی حاصل ہوئی ہے ۔