چیئرمین سینیٹ کی ناراض بلوچ بھائیوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت، سیاسی اتحاد بنتے ہیں حیرانگی کی کوئی بات نہیں

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی مزار قائد پر حاضری، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 17 مارچ 2018 21:55

چیئرمین سینیٹ کی ناراض بلوچ بھائیوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ میں ناراض بلوچ بھائیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوجائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، اس حوالے سے قانون سازی روزگار کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ ہفتہ کے روز مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹ کی تشکیل میں چاروں صوبوں کا برابر حصہ ہے اور ہماری ابتداء سے ہی یہ خواہش تھی کہ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ بلوچستان کو بھی ملے۔

ایوانِ بالا کی جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے حوالے سے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی جانب سے قائم کئے جانے والے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نومنتخب چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ انہوں نے سینیٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو خطوط لکھ دئیے ہیں تاہم ان کے جواب موصول ہونے کے 7 روز کے اندر اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کیا جائیگا۔

صادق سنجرانی نے بلوچستان میں علیحدگی پسند گروہوں کے حوالے سے کہا کہ اب صوبے میں ایسے معاملات کی شرح بہت کم رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے سوچ میں بہتری آئی ہے اور زمینی حقائق میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے۔ نو منتخب چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں ناراض بلوچ بھائیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوجائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ ہم ان کیلئے قانون سازی کریں گے اور روزگار بھی فراہم کیا جائے گا۔

صادق سنجرانی نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے ایک آزاد امیدوار کی حمایت کرنا نیک شگون ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سیاست میں اتحاد ہونا کوئی حیرانگی کی بات نہیں کیونکہ سیاست میں ایسے اتحاد ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں دیگر سیاسی جماعتیں بھی اس اتحاد کا حصہ بنیں گی اور یہ اتحاد بڑھے گا۔ قبل ازیں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر انہوں نے مزار پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

متعلقہ عنوان :