نونہالوں کے بڑے بیگز بیماریوں کا سبب ہیں، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید

کم عمری میں بچے بھاری اسکول بیگز اٹھانے سے گردن، کندھوں اور ریڑھ کی ہڈی میں شدید درد کا شکار ہورہے ہیں،ڈاکٹر نعمان

ہفتہ 17 مارچ 2018 21:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) کراچی کے نجی اسکولوں کے کم سن بچوں کے بڑے اسکول بیگز کو نونہالوں کیلئے بیماریوں کا سبب قرار دے کر سرکاری اسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے پرنسپلز کو خط لکھ دیا ہے۔عباسی شہید اسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کلینیکل ڈاکٹر نعمان نے خط میں لکھا ہے کہ کم عمری میں بچے بھاری اسکول بیگز اٹھانے سے گردن، کندھوں اور ریڑھ کی ہڈی میں شدید درد کا شکار ہورہے ہیں۔

ڈاکٹر نعمان کے خط کے مطابق ان کے پاس او پی ڈی میں معمول کے دوران اسپتال لائے گئے بیشتر بچے بھاری اسکول بیگز کی وجہ سے بیمار پائے گئے۔انہوں نے کہا کہ بطور ڈاکٹر انہوں نے بھاری بھر کم اسکول بیگز کے معاملے کو انتہائی حساس اور اہم پایا ہے اور وہ کراچی کے تمام اسکولوں کے پرنسپلز سے اپیل کرتے ہیں کہ اس انتہائی اہم معاملے پر توجہ دیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نعمان ناصر نے بتایا کہ 5سے 13سال کی عمر کے بچے اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہیں۔

انہوں نے اپیل کی کہ اسکولوں میں ٹائم ٹیبل منظم کرکے بچوں کو روزانہ کے حساب سے ضروری کتابیں لانے کا کہا جائے۔ڈاکٹر نعمان کے مطابق بھاری اسکول بیگ اٹھانے کے خطرات کے عنوان سے اہم خط انہوں نے تمام اسکولوں کے پرنسپلز کو روانہ کردیئے ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی تعلیمی ماہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کے اسکول بیگز کا وزن کم سے کم کریں۔

متعلقہ عنوان :