ملک کی ترقی اور خوشحالی دیرپا امن سے منسلک ہے، سید مصطفی کمال

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دہشتگردی سے زیادہ بڑا مسئلہ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ہے ،چیئرمین پی ایس پی

ہفتہ 17 مارچ 2018 21:53

ملک کی ترقی اور خوشحالی دیرپا امن سے منسلک ہے، سید مصطفی کمال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہاکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی دیرپا امن سے منسلک ہے، پاکستان کی تاجر برادری نامناسب حالات کے باوجو دملک میں تجارتی سرگرمیوں پر خراج تحسین کی مستحق ہے، ان تمام تر حالات کے باوجود ہماری حکومت کی غیر ذمہ داری کا عالم یہ ہے کہ ان کے وفاقی وزیر کہتے ہیں پی آئی اے خریدنے والے کو اسٹیل مل ساتھ فری میںدیں گے جیسے یہ ان کی خاندانی جاگیر کا حصہ ہے۔

عوام اب ان تمام روایتی سیاستدانوں کو آزما چکے ہیں اور ان کی کارکردگی سے انتہائی مایوس ہیں، موجودہ حکمران چاہے وفاق کے ہوں، سندھ کے ہوں یا شہر کے کسی کو عوام کی تکالیف کا احساس نہیں، حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور کرپشن کا اثر کاروباری حالات پر پڑ رہا ہے جس سے کاروباری طبقے سمیت ان پر انحصار کرنے والے غریب ملازمین کا روزگار بھی متاثر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کو احساس ہی نہیں کہ ایک غریب آدمی آج کس مشکل سے اپنے بچوں کو پال رہا ہے، کتنے فیصد لوگ اپنے بچوں کو منرل واٹر پلانے کی مالی استطاعت رکھتے ہیں آج اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دہشتگردی سے زیادہ بڑا مسئلہ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ہے جو کہ پوری قوم خاص طور پر سندھ کے شہری علاقوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ لیکن یہاں کے نام نہاد عوامی نمائندے عوام کا پیسہ اپنی جیبوں میں بھرنے اوراقتدار کی کھینچا تانی میں مصروف ہیں۔

ان حکمرانوں سے آئندہ آنے والے بڑے مسائل کی پلاننگ تو بہت دور کی بات ہے عوام کو موجودہ مسائل کے حل کی بھی کوئی توقع نہیں رہی۔ان خیالات کا اظہارپاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے ڈی سی آر سی میں تاجر برادری کے معززین کی جانب سے منعقدہ تقریب میں موجود شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس مو قع پرپارٹی صدرانیس قائم خانی، سیکریٹری جنرل رضا ہارون، سینئر وائس چیئر مین ڈاکٹر صغیر احمد، ممبر نیشنل کونسل و ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ70 سال گزر جانے کے باوجود بھی پانی جیسی بنیادی سہولت کے حصول کے لئے میرے شہر کے لوگ پریشان ہیں۔آخری مرتبہ یہ شہر ہم نے بنایا تھا اورصر ف ہمیں معلوم ہے کہ اسے دوبارہ ٹھیک کیسے کرنا ہے۔