ایم ایم اے ماضی کی ایک زبردست سیاسی قوت تھی ،ْاب جلد ہی دوبارہ بحال ہوجائے گی ،ْ مولانا فضل الرحمن

آئین میں ترمیم کرکے سینٹ کے الیکشن قومی اسمبلی کی طرز پربراہ راست کرائے جائیں ،ْمولانا عبدالغفور حیدری

ہفتہ 17 مارچ 2018 21:53

ایم ایم اے ماضی کی ایک زبردست سیاسی قوت تھی ،ْاب جلد ہی دوبارہ بحال ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) جمعیت العلمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہاہے کہ ایم ایم اے ماضی کی ایک زبردست سیاسی قوت تھی ،ْاب جلد ہی یہ دوبارہ بحال ہوجائے گی ،ہفتہ کے روز مدرسہ قاسم العلوم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ایم ایم اے کی بحالی پرکام کررہے ہیں، بعض ٹیکنیکل مسائل ہیں ان کو جلد ہی دورکرلیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کا اتحاد برقرار ہے، اختلاف کی خبریں غلط ہیں۔انہوںنے کہاکہ چارٹر آف ڈیموکریسی ایک مثبت اقدام تھا ،گزشتہ چار پانچ سالوں میںمفاہمت کی سیاست ہوتی رہی ہے لیکن اب دونوں بڑی جماعتوں میں اس پرعمل نہیں ہورہا، اب توہرجگہ سیاسی اخلاقیات تباہ ہوچکی ہیںاوراس اخلاقی زوال کا کون ذمہ دارہے آپ خود ہی دیکھ لیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اب سیاست میں جوتابازی اورسیاہی پھینکنے جیسے قابل مذمت اقدامات شروع ہوگئے ہیں ،یہ بداخلاقی کی انتہاہے، ہمارا دین بھی ہمیں ایسی چیزوں سے سختی سے منع کرتاہے، ایساکام کرنے والے کوئی بھی ہوں اورکسی بھی پارٹی کے ہوں، وہ اپنے آپ سے نہ اپنی پارٹی سے اورنہ ہی اسلامی تعلیمات سے مخلص ہوسکتے ہیں اورنہ ہی وہ کوئی اچھی روایت ڈال رہے ہیں ۔

مولانافضل الرحمن نے کہاکہ سب کو مل بیٹھ کرسینیٹ کومضبوط بنانے اورالیکشن معاملات کومزید شفاف بنانے کیلئے لائحہ عمل بناناچاہئے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں جمہوریت کو شکست ہوئی ہے،مفاد پرست قوتیں کامیاب ہوئیں،خواہش ہے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میثاق جمہوریت پر عمل کریں، میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹ کے سابق ڈپٹی چیئرمین اورجمعیت العلمائے اسلام (ف)کے مرکزی رہنما مولاناعبدالغفورحیدری نے مزیدکہاکہ سینیٹ الیکشن میں پیسوں کے لین دین کی باتیں باعث شرمندگی ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ ہمارے دورمیں سینٹ میں بہت سے مثبت تبدیلیاں لائی گئیں ہم نے سینٹ میں نظم وضبط پیداکیا۔ارکان کم ہوتے تھے توبھی اجلاس شروع کرادیتے تھے ۔سینٹ میں انتہائی اعلیٰ معیارکی لائبریری اورمیوزیم بھی بنایاجہاں پاکستان کی پوری تاریخ اورآئین کی تشکیل میں جس نے بھی کرادار اداکیاسب موجودہے جبکہ ریکارڈقانون سازی بھی کی ۔انہوںنے کہاکہ ہماری خواہش اورامید ہے کہ سینٹ کے چیئرمین اوردیگرحکام نہ صرف سابقہ روایات کوقائم رکھیں گے بلکہ اس کومزید بہتراورطاقت وربنائیں گے ۔