دھرنا پارٹی نے صرف اور صرف جھوٹ اوربے بنیاد الزامات کی سیاست کی ہے،آزاد تبسم

ہفتہ 17 مارچ 2018 19:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہا ہے کہ دھرنا پارٹی نے صرف اور صرف جھوٹ اوربے بنیاد الزامات کی سیاست کی ہے اور عوام کے مسائل کے حل اوراپنے صوبے کی ترقی کی بجائے الزام تراشی کو وطیرہ بنائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایااوران حکمرانوں کی لوٹ مار اورکرپشن کی وجہ سے ہی ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا۔

کرپٹ اور شکست خوردہ عناصر نے توانائی سمیت مفاد عامہ کے ہر منصوبے میں تاخیر کی کوشش کی اور آج یہ عناصراپنے کئے پر شرمندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے دھرنوں اور لاک ڈائون کی منفی سیاست سے ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے یہ عناصر کس منہ سے عوام کا سامنا کریںگے۔ترقی کی مخالفت کرنے والوں سے حساب عوام الیکشن میں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام خدمت کرنے والوں کو کبھی بھلاتے نہیں۔2018ء کے انتخابات میں عوام خدمت کرنے والوں اورترقی کا سفر روکنے والوں کا فیصلہ اپنے ووٹ کی طاقت سے کریں گے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمت کی سیاست کے سامنے جھوٹ بولنے والوں کی کوئی حیثیت نہیں ۔جھوٹ ،انتشار اورمنافقت کی سیاست کرنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ احتجاج اوردھرنوں کی قیمت اس غریب قوم کو چکانا پڑی ہے ۔

دھرنے ،احتجاج اورانتشار کی سیاست کے علمبرداروں کو 2018ء میں اپنی منفی سیاست کا جواب مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے جھوٹ بولنے اور الزام تراشی کے عالمی ریکارڈ قائم کئے ہیں۔باشعور عوام اس لیڈر کی دروغ گوئی اور بہتان طرازی سے تنگ آ چکے ہیں حتیٰ کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی جھوٹ، یوٹرن اور بے بنیاد الزامات کی منفی سیاست سے بیزارہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں دھرنا گروپ کو پشیمانی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا اور مسلم لیگ (ن) عوام کی حمایت سے آئندہ انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہو کر ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گی۔

متعلقہ عنوان :