موجودہ حکومت نے پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا‘ انجینئر خرم دستگیر

حکومت صنعتی ترقی کیلئے مثالی کردار ادا کر رہی ہے،نواز شریف نے ملک میں بے پناہ ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا‘ وزیر دفاع

ہفتہ 17 مارچ 2018 18:52

موجودہ حکومت نے پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر خوشحالی کی راہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا،حکومت صنعتی ترقی کیلئے مثالی کردار ادا کر رہی ہے،نواز شریف نے ملک میں بے پناہ ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں پینٹ فیکٹری کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا ۔

افتتاحی تقریب میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر میر شعیب ،ایگزیکٹو جنرل منیجر سیلز اسد منیر اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیر دفاع خرم دستگیر نے افتتاح کے موقع پر پینٹ فیکٹری کے مختلف یونٹس کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹری دیکھ کر دلی مسرت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں نئی صنعتوں کا قیام اور سرمایہ کاری خوش آئند ہے جو برآمدی حجم میں اضافے اور بے روزگاری کے خاتمے کا سبب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی ویلیو ایڈیشن سے مصنوعات کا میعار بلند ہوگا اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ بھی بڑھے گی۔ حکومت صنعتی ترقی کیلئے مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں بے پناہ ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا،موجودہ حکومت نے پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو میر شعیب نے کہا کہ سود پر قرضہ لئے بغیر ڈائمنڈ کو ایک مثالی جدید ترین فیکٹری بنایا، فیکٹری میں کام کرنے والوں کے لئے ہیلتھ سیفٹی اور انوائرنمنٹ کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ کمپنی کے مجموعی منافع کا پانچ فی صد ملازمین میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ کمپنی کے مجموعی منافع سے دس فی صد سوشل کارپوریٹ رسپانس بیلیٹئز کے لئے مختص ہے۔ ایگزیکٹو جنرل منیجر سیلز اسد منیر نے کہا کہ چھ ایکڑ پر مشتمل فیکٹری میں تین ملین لٹر پینٹ ماہانہ بنانے کی صلاحیت ہے،ڈائمنڈ پینٹ کی سالانہ سیل آٹھ ارب پر پہنچ گئی ہے۔ ڈائمنڈ پینٹ نے وہیکل ری فنش پینٹ کی پیداوار بھی شروع کردی ہے۔