مشرف کاشناختی کارڈ اور پاسپورٹ معطل کرنا کافی نہیں،انہیںانٹرپول کے ذریعے واپس لایاجائے‘ میاں مقصود احمد

جب تک بااثرافراد کا محاسبہ نہیں کیاجاتا ملک میں قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہوسکتی‘امیر جماعت اسلامی پنجاب کا ردعمل

ہفتہ 17 مارچ 2018 18:36

مشرف کاشناختی کارڈ اور پاسپورٹ معطل کرنا کافی نہیں،انہیںانٹرپول کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے سابق ڈکٹیٹر جنرل پرویزمشرف کی گرفتاری کے حوالے سے خصوصی عدالت کے تحریری حکم کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ جنرل(ر)پرویزمشرف نے دومرتبہ ملکی آئین کے ساتھ غداری کی انہیں انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان لایاجائے،پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے ملزم کی پیشی کے حوالے سے شرائط کااظہارکرنا ناقابل فہم اور انتہائی قابل مذمت ہے ،حکومت کی جانب سے جنر(ر)پرویزمشرف کاشناختی کارڈاور پاسپورٹ معطل کرنا ناکافی اقدامات ہیں،سنجیدگی کامظاہرہ کرتے ہوئے انہیں قانون کے شکنجے میں لایاجائے۔

انہوں نے کہاکہ جنرل پرویزمشرف اس سے قبل بھی متعدد بارپاکستان واپس آنے کا اعلان کرچکے ہیں مگروہ ہمیشہ مختلف حیلے اور بہانے بناکروطن واپس آنے سے گریز کرتے رہے اوراب بالآخرعدالت نے ان کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے تووہ پاکستان آنے کی بات کررہے ہیں لیکن لگتایہ ہے کہ وہ خود واپس نہیں آئیں گے بلکہ عدالتی حکم کے مطابق حکومت انہیں انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کے اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جنرل پرویزمشرف کے دور میں ملکی آئین وقانون کے ساتھ کھیلواڑ کیاگیا،اس کی بے توقیری کی گئی لہٰذا وہ کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہیں اپنے سیاہ کارناموں کاحساب ضرور دینا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ جنرل پرویزمشرف کو سزادے کرآئین شکنی کرنے والوں کونشانہ عبرت بنایاجائے۔غداری کیس میں سابق صدرمشرف کئی برسوں سے ملک سے فرار ہیں اور خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزاررہے ہیں مگران کو واپس لانے کے لیے ماضی میں حکومتی اقداما ت مایوس کن رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جنرل مشرف کے جرائم کی ایک لمبی لسٹ ہے۔انہوں نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ جو سلوک روارکھا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ملک میں فحاشی وعریانی کاسیلاب لے کر آئے،اہم ایشوزپر پارلیمنٹ کوبائی پاس کیا جاتارہا،اکبربگٹی کاقتل کیا،پیسے لے کرڈاکٹرعافیہ سمیت متعددافراد کوامریکہ کے ہاتھوں فروخت کیا،ملک میں ایمر جنسی کانفاذ اور عدلیہ پرشب خون مارا۔میاں مقصوداحمدنے مزیدکہاکہ پاکستان کے عوام جنرل پرویز مشرف کو قومی مجرم سمجھتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں جلدازجلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے۔جب تک بااثرافراد کامحاسبہ نہیں کیاجائے گا اس وقت تک ملک میں انصاف کابول بالا نہیں ہوسکتا۔

متعلقہ عنوان :