ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے نواز شریف کی خدمات کو فراموش نہیںکیا جاسکتا ،ترقی مضبوط سیاسی استحکام سے منسلک ہے‘ خرم دستگیر

نواز شریف نے ملک میں بے پناہ ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا،پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا ‘ وزیر دفاع

ہفتہ 17 مارچ 2018 18:34

ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے نواز شریف کی خدمات کو فراموش نہیںکیا ..
لاہور /رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے نواز شریف کی خدمات کو فراموش نہیںکیا جاسکتا ،نواز شریف نے ملک میں بے پناہ ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا،پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا ،ملکی ترقی مضبوط سیاسی استحکام سے منسلک ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں ڈائمنڈ پینٹس فیکٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔افتتاحی تقریب میں ملائیشین ہائی کمیشن اکرام بن محمد ابراہیم ،چیف ایگزیکٹیو آفیسر میر شعیب ،ایگزیکٹو جنرل منیجر سیلز اسد منیر ،ایلپس پینٹس کے ایم ڈی یپ ہوپ سون اور انکی ٹیم سمیت افغانستان کی معروف کاروباری شخصیت امان اللہ سرپاس اور دیگر صنعتکاروں نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع خرم دستگیر نے افتتاح کے موقع پر پینٹ فیکٹری کے مختلف یونٹس کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹری دیکھ کر دلی مسرت ہو رہی ہے۔ملک میں نئی صنعتوں کا قیام اور سرمایہ کاری خوش آئند ہے جو برآمدی حجم میں اضافے اور بے روزگاری کے خاتمے کا سبب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صنعتی ویلیو ایڈیشن سے مصنوعات کا میعار بلند ہوگا اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ بھی بڑھے گی۔

حکومت صنعتی ترقی کیلئے مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں بے پناہ ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا،موجودہ حکومت نے پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مایوسی کے دریاعبور کرنے کے بعد امن بحال ہوا ہے جس میں پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے اپنے لہو سے اس ملک کی بقاء کی جنگ لڑی اور اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے آنیوالی نسلوںکو پرامن پاکستان دیا ہے آج ملک اندھیروں سے نکل چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جب اقتدار سنبھالا تھا تو اہم مسائل درپیش تھے جن میں سب سے پہلے دہشت گردی اور دوسرا توانائی کا بحران تھا آج وطن عزیز کو ان دونوں مسائل سے چھٹکارا مل چکا ہے چاروں صوبوں میں خوشحالی کا دور دورہ ہے صنعتکار اور سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں جسکی بدولت پاکستان کی معشیت مضبوطی کی طرف رواں دواں ہے ۔تقریب میں ملائیشین ہائی کمیشن اکرام بن محمد ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیاء دونوں برادرممالک ہیں جنہوں نے فاصلوں کو کم کرتے ہوئے مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دیا ہے جس سے دونوں ممالک کی عوام خوشحال ہونگی ۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو میر شعیب نے کہا کہ سود پر قرضہ لئے بغیر ڈائمنڈ کو ایک مثالی جدید ترین فیکٹری بنایا، فیکٹری میں کام کرنے والوں کے لئے ہیلتھ سیفٹی اور انوائرنمنٹ کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ کمپنی کے مجموعی منافع کا پانچ فی صد ملازمین میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ کمپنی کے مجموعی منافع سے دس فی صد سوشل کارپوریٹ رسپانس بیلیٹئز کے لئے مختص ہے۔ ایگزیکٹو جنرل منیجر سیلز اسد منیر نے کہا کہ چھ ایکڑ پر مشتمل فیکٹری میں تین ملین لٹر پینٹ ماہانہ بنانے کی صلاحیت ہے،ڈائمنڈ پینٹ کی سالانہ سیل آٹھ ارب پر پہنچ گئی ہے۔ ڈائمنڈ پینٹ نے وہیکل ری فنش پینٹ کی پیداوار بھی شروع کردی ہے۔