وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے چین کے سفیر یائو جنگ کی ملاقات، پارٹی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

چینی سفیر نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو چین میں ہونے والی انٹرنیشنل پولیٹیکل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی سی پیک خطے کیلئے گیم چینجر، اس عظیم الشان منصوبے نے پاک چین دوستی کو نئی جہت عطا کی ہے‘شہبازشریف ن) لیگ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ روایتی دوست جماعتیں،پارٹی ٹو پارٹی تعلقات بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کرینگے سی پیک نے دونوں ملکوں کے معاشی اور سماجی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے، مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں ‘وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 17 مارچ 2018 18:30

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے چین کے سفیر یائو جنگ کی ملاقات، پارٹی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں چین کے سفیر یائو جنگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں پر پیش رفت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر اپنی اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی جانب سے مبارکباد دی۔

چینی سفیر نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر کی جانب سے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے نام تہنیتی پیغام بھی دیا جس میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کو پارٹی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دینے کے ساتھ ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چین کے سفیر یائو جنگ نے اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کاپارٹی صدر منتخب ہونا آپ کی صلاحیتوں اور انتھک محنت کا اعتراف ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے اورمستقبل میں آپ کی قیادت میں دونوں جماعتوں میں تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔ بلاشبہ آپ نے اپنی بے مثال قیادت کے ذریعے ترقی کے سفر کو تیز تر کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب کے عوام آپ کے ترقیاتی وژن کے معترف ہیں۔ چینی سفیر نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو چین میں ہونے والی انٹرنیشنل پولیٹیکل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس میں آپ کی شرکت ہمارے لئے باعث اعزاز ہوگی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ روایتی دوست جماعتیں ہیں اور ان دونوں جماعتوں کے تعلقات میں بہت اضافہ ہوا ہے اور پارٹی ٹو پارٹی تعلقات بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بااعتماد دوست ہے۔ چین کی قیادت نے پاکستان کے عوام کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا ثبوت سی پیک کے ذریعے دیا ہے اور سی پیک خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستا ن اور چین کی دوستی لازوال رشتوں میں ڈھل چکی ہے اورہمیں چین کی دوستی پر فخر ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور چین کا رشتہ دلوں کا رشتہ ہے -انہوںنے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلئے ایک شاندار تحفہ بن کر سامنے آیا ہے اور اس منصوبے نے دونوں ملکوں کے معاشی اور سماجی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔ سی پیک کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔

سی پیک نے پاک چین دوستی کو نئی جہت عطا کی ہے اورعصر حاضر کی تاریخ میں پاک چین دوستی کی کوئی مثال موجود نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے بے مثال تعاون کو ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہا کہ یہ تاریخ کا ایک خوبصورت موڑ ہے اور پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ نے چین کی تیز رفتار ترقی کو نئی جہت دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پارٹی صدر منتخب ہونے پر چینی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔