ْذمہ داریوں کی احسن طریقے سے ادائیگی کے لئے سفارت کاروں کی تربیت نہایت اہم ہے، گورنر سندھ

ہفتہ 17 مارچ 2018 18:01

ْذمہ داریوں کی احسن طریقے سے ادائیگی کے لئے سفارت کاروں کی تربیت نہایت ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے شب وروز مصروف عمل ہے، باالخصوص ملک کے اقتصادی حب کراچی کو دنیا کے معاشی نقشہ پر ابھارنے کے لئے بھرپور اقداما ت بروئے کار لائے جا رہے ہیں، کراچی میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع دستیاب ہیں، قدرتی وسائل سے مالا مال صوبے میں تعلیم یافتہ تجربہ کار کم اجرت ہیومن ریسوس کی بڑی تعداد میں موجودگی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش اہمیت رکھتی ہے۔

ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیا لات کا اظہار انہوں نے فارن سروسز اکیڈمی کے تحت غیرملکی سفارت کاروں کے لئے منعقدہ کورس کے وفد سے گورنر ہائوس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال، ہمسایہ ممالک سے پاکستان کے سفارتی تعلقات اور ان میں مزید اضافے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ 2013ء میں سیکورٹی کی صورتحال کے باعث کوئی غیر ملکی ایک دن کے دورے پر بھی یہاں آنے کے لئے تیار نہیں تھے جبکہ توانائی بحران کے باعث بلیک آئوٹ کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا کیونکہ اس وقت بجلی کی پیداوار کا کوئی بھی منصوبہ پائپ لائن میں نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات اور اندرونی و بیرونی چیلنجز کے باوجود موجودہ حکومت معاشی استحکام پیدا کرنے میں کامیاب رہی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تیز رفتار اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے جس کے باعث آئندہ حکومت کو مضبوط معیشت، بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اور صنعتوں کے قیام کے منصوبے ورثے میں ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے جو دو عشروں تک بدامنی، بے یقینی اور لاقانونیت جیسے مسائل کا شکار رہا، لیکن موجودہ حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کے باعث اب یہ دوبارہ سے اپنی پرانی رونقوں کی جانب لوٹ رہا ہے جو کہ 60ء اور 70ء کی دہائیوں میں اس کا خاصہ ہوا کرتی تھیں۔

کراچی لٹریچر فیسٹیول، انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس میں غیر ملکی وفود کی شرکت اس کا سب سے بڑا ثبوت ہے جبکہ آپ لوگوں کی کراچی آمد بھی یہاں کی سیکورٹی کی صورتحال پر اعتماد کا اظہار ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ فائنل میں آنے والے تمام کھلاڑیوں خصوصاً غیر ملکی کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، دنیا کو پرامن بنانے کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہمیشہ فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان سمیت پورے خطے کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، منصوبے کی تکمیل تیزی سے جاری ہے جس کے بعد پاکستان میں صنعتی، معاشی، اقتصادی و سماجی انقلاب برپا ہو جائے گا جس سے غربت اور بے روزگاری کا بھی خاتمہ یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارت کار اپنے ملک کا چہرہ ہوتے ہیں ان کی کارکردگی سے ہی ملک پہچانا جاتا ہے، بین الاقوامی تعلقات کے نت نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سفارت کاروں کو مسلسل تربیت فراہم کرنا نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کورسز سے سفارت کاروں کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ وفد کے اراکین نے گورنر سندھ سے صوبہ کی جاری سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، امن و امن کے لئے کئے جانے والے اقدامات، گورنر کے آئینی کردار اور ذمہ داریوں کے حوالے سے سوالات بھی کئے جن کے گورنر سندھ نے فرداً فرداً تفصیل سے جوابات دیئے۔

متعلقہ عنوان :