حکومت پنجاب نے تعلیمی شعبے کی ترقی اور اعلی تعلیم تک رسائی کے لئے جامع اور ٹھوس اقدامات کئے ہیں

گورنر ملک محمد رفیق رجوانہ کا گفٹ یونیورسٹی گوجرانوالہ کے کانووکیشن سے خطاب

ہفتہ 17 مارچ 2018 17:56

حکومت پنجاب نے تعلیمی شعبے کی ترقی اور اعلی تعلیم تک رسائی کے لئے جامع ..
گوجرانوالہ۔17 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے جو سورة الرحمن کی جیتی جاگتی تصویر ہے‘ اعلی تعلیم یافتہ طلباء وطالبات کو اپنے وطن کی خدمت کو ہی مشن بنا لینا چاہیے‘ حقیقی جذبہ اور لگن یہی ہے کہ ڈگری کے حصول کے بعدخدمت انسانی کو مقصد کا درجہ دیا جائے،گورنر پنجاب نے کہا کہ عصر حاضر کے علوم اور جدید ٹیکنالوجی پر دسترس سے ہی معاشرے میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے اور اسی کی بدولت ملک و قوم کو دنیا میں نمایاں مقام پر کھڑا کیا جاسکتا ہے‘ حکومت پنجاب نے تعلیمی شعبے کی ترقی اور اعلی تعلیم تک آسان رسائی کے لئے انتہائی جامع اور ٹھوس اقدامات کئے ہیں جس سے نوجوان نسل میں آگے بڑھنے اور صلاحیتوں کے اظہار کے لئے سبقت حاصل کرنے کا عزم صمیم پیدا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وہ گوجرانوالہ میں گفٹ یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن سے خطاب کررہے تھے۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) ڈاکٹر نظام الدین اور چیئرمین گفٹ یونیوسٹی محمدانور ڈار کے علاوہ مختلف شعبوں کے ڈین‘ فیکلٹی ممبرز‘ والدین اور اساتذہ شریک تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی ترقی ‘ استحکام اور مستقبل ایسے ہی قابل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور یہی حقیقی سرمایہ اور اثاثہ ہیں، انہی کی صلاحیتوں اور قربانیوں کی بدولت پاکستان مزید خوشحالی‘ خود کفالت اور استحکام حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ یونیورسٹیوں اور دیگر اعلی تعلیم کے اداروں میں طلباء کی نسبت طالبات کا کامیابیوں اور نمایاں پوزیشنز لینے میں زیادہ حصہ ہے ۔انہوں نے گفٹ یونیورسٹی کے کانووکیشن میں بھی اول پوزیشن حاصل کرنے والی انعام یافتہ 60فیصد طالبات کو زبردست سراہا اور ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو معاشرے میں پھیلے منفی رحجانات کے خاتمے کیلئے بھی کام کرنا ہوگا تاکہ ہر سطح پر مثبت سوچ و فکر اور سرگرمیوں کی ترویج ہوسکے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دوسروں کی برائی کرکے خود کونمایاں کرنے کا رواج کسی صورت بھی قابل تعریف نہیں ہوگا ،لہذا ایسے عناصر کوذاتی اوراجتماعی حیثیت میں راہ راست پر لانا ہوگا‘محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ڈگریاں تحفوں سے کسی طور کم نہیں ہیں، ان کے حصول کے بعد ڈگری ہولڈرز کو بھی یہ گفٹ‘ ملک و قوم ادارو‘ں اساتذہ اور والدین کو لوٹانا ہونگے۔

انہوں نے گفٹ یونیورسٹی کو بھی ریجن کیلئے ایک گرانقدر تحفہ قرار دیا اور کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی تعلیمی شعبوں میں کارکردگی انتہائی قابل ستائش اورقابل تقلید ہے۔انہوں نے اس موقع پر ملک کی حفاظت پر مامور تعلیم یافتہ فوجی نوجوانوں ، افسروں اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہا کہ ایسی ہی قربانیوں کی بدولت آج ہمارے ملک اور نوجوانوں کا مستقبل بھی محفوظ ہے۔

انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ ڈگری حاصل کرنے کے بعداپنے علم کو دوسروں تک پہنچائیں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی بہتری کیلئے وقف کردیں ،ایسے ہی کامیاب اور ذہین طلباء وطالبات کے کارناموں کی آخری حد آسمان ہی ہے ،وہی ہر افق کا روشن ستارہ ہیں،کانووکیشن سے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین ‘ چیئرمین گفٹ یونیورسٹی محمد انور ڈاراور شعبوں کے ڈینز نے بھی خطاب کیا۔ کانووکیشن کے درمیان گورنر نے کامیاب ڈگری ہولڈرز کو ڈگریاں تقسیم کیں اور گولڈ میڈل پہنائے، یونیورسٹی کی جانب سے گورنر کو بھی سوینئر پیش کیاگیا۔