کسان جڑی بوٹیوں سے نجات حاصل کر کے اپنا قیمتی سرمایہ محفوظ کر سکتے ہیں،فیض احمد کندی

ہفتہ 17 مارچ 2018 17:41

سرگودھا۔17 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء)ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت فیض محمد کندی نے کہا ہے کہ جڑی بوٹیاں فصلوں کا کینسر ہیں جن کی تلفی سے کسان کو بھاری نقصان سے بچایا جا سکتا ہے جبکہ پیداوار میں اضافہ کر کے اہم اجناس کی پیداوار بھی بڑھائی جا سکتی ہے۔ وہ ہفتہ جڑی بوٹی مکائو مہم کے سلسلے میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ فیض محمد کندی نے کہا کہ جڑی مکائو کا مقصد کسانوں میں شعور کی بیداری اور انہیں ان کے خفیہ پیداواری دشمن سے آگاہ کرنا ہے۔

محکمہ زراعت کے افسران اور اہلکار اس مہم میں اٹ سٹ ،باتھو،جنگلی پالک ،پیازی ،سرسوں ،ریواڑی ،سینجی،لیہلی،مینا،جنگلی جئی ،دمبی سٹی ،ڈیلا،مرک ،بھوئیں ، گھوئیں اورآکاش بیل وغیرہ کی شناخت بارے کسانوں کو آگاہی دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسان جڑی بوٹیوں کے بیجوں کے پھیلائو کو روکیں ،پانی کے کھال اور کھیت کی وٹیں جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں ،قبرستان ، ریلوے لائن اور دیگر عوامی مقامات پر جڑی بوٹیوں کی نشونما کو روکیں ،زرعی مشینری اور دیگر آلات کو جڑی بوٹیوں کیبیجوں سے محفوظ رکھیں ۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ ان جڑی بوٹیوں کا زہر انسانوں اور جانوروں کیلئے بھی جان لیوا ہے جبکہ یہ باغات ،جنگلات ،چراگاہوں، مجھلیوں کے تالابوں ،نرسریوں ، پارکوں ،سڑکوں اور صنعتی علاقوں میں نشونما پر انسانی سرگرمیوں میںرکاوٹ اور دشواری پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان جڑی بوٹیوں سے نجات حاصل کر کے اپنا بے شمار قیمتی سرمایہ محفوظ کر سکتے ہیں۔ جس کا فائدہ پوری قوم کو ہو گااورزرعی پیداوار کے اضافہ سے عوام کو اجناس سستے داموں دستیاب ہونگی۔