سرگودہا،جعلی زرعی ادویات کی فروخت میںملوث ڈیلروںکے خلاف کارروائی کی ہدایت

ہفتہ 17 مارچ 2018 17:41

سرگودھا۔17 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء)کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈویژن بھر میں ملاوٹ شدہ ،جعلی زرعی ادویات ‘ کھادوں اور ناقص بیج کی فروخت میںملوث ڈیلروں اور فیکٹریوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کریں تاکہ کسانوں کو نقصان سے بچانے کے ساتھ ساتھ ملک کی زرعی پیداوار میں خود کفالت کی منازل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے ۔

وہ یہاں اپنے کمیٹی روم میںڈویژنل ٹاسک فورس اور زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت رمضان نیازی‘ اے ڈی سی جی ملک آصف اقبال ‘ ڈائریکٹر سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ سرگودہا ‘ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ ‘ چاروں اضلاع کے ڈائریکٹر ز ‘ کسانوں کے نمائندوں ‘محکمہ آبپاشی ‘ پولیس وزرعی ترقی سے متعلق ڈویژنل وضلعی اداروں کے افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کمشنر سرگودہا ڈویژن نے کسانوں کو ربیع وخریف کے قرضوں کی ای قرضہ سکیم اور کسان کارڈز کے اجراء میں دشواریوں کو دور کرنے او ران کی رجسٹریشن کے اہداف کو مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے زرعی کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ ڈویژن میں سیم وتھور او رپانی کی کمی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کسانوں سے مشاورت کے عمل کو تیز کریں ۔ انہوں نے کسانوں کو کھادوں پر حکومت کی طرف سے دی جانے والی سبسڈی کو یقینی بنانے اور رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی۔

انہوںنے محکمہ زراعت کے افسران کو زرعی ترقی کیلئے خانہ پری کی بجائے عملی اقدامات کرنے کی ہدا یت کی ۔ خوشاب کے ایک کسان کی طرف سے بارش کی کمی کے باعث چنے کی کم پیداوار کی وجہ سے چنے کے کاشتکاروں کو قرضوں کی ادائیگی میں رعایت اور معافی کے سوال پر کمشنر ندیم محبوب نے محکمہ زراعت کے افسران کو چنے کی پیداوار کا جائزہ لینے او ررپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے محکمہ زراعت کی طرف سے جاری جڑی بوٹیوں کی تلفی کی مہم کو موثر بنانے اور مطلوبہ اہداف حاصل کرنے کی ضرورت پرزور دیا ۔