پی ایس ایل فائنل،موبائل فون بندرکھنے کی تجویزمسترد

تماشائیوں کیلئے کھانے کے سٹالز کی موجودگی یقینی بنائیں ،معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے مشاورت ضرور کریں،وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

ہفتہ 17 مارچ 2018 17:39

پی ایس ایل فائنل،موبائل فون بندرکھنے کی تجویزمسترد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے دوران اسٹیڈیم میں موبائل فون بند رکھنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام انتظامات کو 22 مارچ تک حتمی شکل دے دیں۔پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے مقامی حکومت اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ تماشائیوں کے لیے کھانے کے اسٹالز کی موجودگی یقینی بنائیں اور اس معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے مشاورت ضرور کریں۔

انہوں نے شٹل سروس کے لیے بسوں کی خریداری کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی مخصوص پارکنگ کے حصوں میں پارکنگ لین کے کام کو حتمی شکل دی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران وزیر اعلی کی جانب سے اسٹیڈیم کے اندر موبائل فون بند کرنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ عوام کو لطف اندوز ہونے دیں اور ان پر پابندی نہیں لگائیں۔اس موقع پر اجلاس میں موجود ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس نے وزیر اعلی کو بتایا کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی اور تمام ریہرسل مکمل ہوچکی ہیں۔اجلاس کے دوران میئر کراچی وسیم اختر نے بتایا کہ اسٹیڈیم کے اطراف سے ملبہ اٹھانے سمیت تمام روٹس پر صفائی کا کام تقریبا حتمی مراحل میں ہے۔