پاکستان پلاسٹک شو 2018ء کا دوسرا روز ، بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت

نمائش پلاسٹک پروسیسنگ انڈسٹری کے شراکت داروں کو راغب کرنے ،اجتماعی اقدامات میں سہولت کیلئے ترتیب دی گئی ہے پی پی ایم اے تعاون کے فروغ، استحکام اور پاکستان میں پلاسٹک پروسیسنگ انڈسٹری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے ‘مشیر وزیراعلیٰ محمد علی میاں

ہفتہ 17 مارچ 2018 16:54

پاکستان پلاسٹک شو 2018ء کا دوسرا روز ، بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) پاکستان پلاسٹک شو 2018ء میں دوسرے روز لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قابل قدر معلومات حاصل کیں۔ پاکستان پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم ای) کے زیر اہتمام اس ایونٹ کا آغاز 16 مارچ کو ایکسپو سینٹر لاہور میں ہوا جو 18 مارچ 2018ء تک جاری رہے گا۔ نمائش میں 100 سے زائد مقامی و بین الاقوامی نمائش کنندگان کی جانب سے زبردست ردعمل دیکھا گیا اور توقع ہے کہ ایونٹ کے تین روز کے دوران ایک لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر محمد علی میاں پاک پلاس 2018ء کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے پاکستان پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر ذکریا عثمان، پی پی ایم نارتھ کے صدر ایس ایم طارق اور ’’پاک پلاس‘‘ کے چیف آرگنائزر سید نبیل ہاشمی کے ہمراہ نمائش کے مختلف سٹالوں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

نمائش کے دوسرے روز پلاسٹک انڈسٹری کے ماہرین نے متعدد بصیرت آمیز تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جہاں ہزاروں پروفیشنل افراد کو تکنیکی اور درست معلومات فراہم کی گئیں۔

نمائش میں لوگوں کا ہجوم رہا۔ یہ نمائش متعدد معلوماتی سیشن پر محیط تھی جس میں پیداواریت، صلاحیتوں، ابھرتے ہوئے رجحانات اور اس شعبہ کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی گئی۔ ’’پاک پلاس‘‘ کے چیف آرگنائزر سید نبیل ہاشمی نے کہا کہ متعلقہ شعبوں میں کام کرنے والی تقریباً 100 کمپنیوں نے نمائش میں شرکت کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ان میں صنعتی خریدار، ماہرین، کاروباری شخصیات، ریگولیٹرز، سرمایہ کار اور بین الاقوامی اور مقامی کاروباری اداروں سے پروفیشنل مندوبین شامل ہیں جو معیشت کے اس اہم شعبہ میں باہمی تعاون اور اپنے کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے لئے نئے مواقع کی تلاش کرتے ہیں۔

مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر محمد علی میاں نے اس موقع پر کہا کہ یہ ایونٹ پلاسٹک پروسیسنگ انڈسٹری کے شراکت داروں کو راغب کرنے اور اجتماعی اقدامات میں سہولت کے لئے ترتیب دیا گیا ہے جہاں اس صنعت کے تمام طبقات جن میں خام مال کے پروڈیوسرز، پروسیسرز، پلاسٹک مشینری مینوفیکچررز، میکرز آف مائولڈز اینڈ ڈائیز، ٹریڈرز اور پلاسٹک خام مال کے درآمد/برآمد کنندگان، مکمل تیار اور نیم تیار شدہ اشیاء کے پروڈیوسرز اس صنعت میں ترقی کو فروغ دینے کے لئے بات چیت اور اپنے خیالات کا تبادلہ کر سکیں۔

پی پی ایم اے ایک متحرک ایسوسی ایشن ہے جو تعاون کے فروغ، استحکام اور پاکستان میں پلاسٹک پروسیسنگ انڈسٹری کے فروغ کے لئے پرعزم ہے جبکہ یہ اپنی مصنوعات کے معیار کو بڑھانے کے لئے کوشاں ہے۔ پی پی ایم اے نے ’’پاک پلاس‘‘ نمائش کو وسائل سے بھرپور پلیٹ فارم بنا دیا ہے جو بنیادی کرداروں کے مابین مضبوط تعلق کو بڑھانے اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں آسان رسائی کا وعدہ کرتی ہے۔ یہ بصیرت آمیز نمائش پلاسٹک ٹیکنالوجیز سینٹر اور دیگر پولیمر ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹس کے کرداروں پر بھی روشنی ڈالے گی۔

متعلقہ عنوان :