پاکستان کی تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے تجویز کردہ خصوصی اقدامات بارے قرارداد ویانا میں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی

قراردادکمیشن آن نارکوٹیکس ڈرگزکے ویانا میں منعقدہ اکسٹھویں سالانہ اجلاس کے آخری روز منظور کی گئی

ہفتہ 17 مارچ 2018 16:49

پاکستان کی تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے تجویز کردہ خصوصی ..
ویانا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء) کمیشن آن نارکوٹیکس ڈرگز(سی این ڈی)کے اکسٹھویں سالانہ اجلاس کے آخری روز حکومت پاکستان کی تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے تجویز کردہ خصوصی اقدامات بارے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی جس کی تمام ممبر ممالک نے حمائت کی ۔ ا س موقع پر حکومت پاکستان کے اعلی سطحی وفد کی قیادت سیکرٹری وزارت انسداد منشیات محمود اقبال کر رہے تھے۔

وفد میں ان کے ہمراہ ڈائیریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹیکس فورس (اے این ایف ) میجر جنرل مسرت نواز ملک نے بھی شرکت کی۔سیکرٹری انسداد منشیات نے اس تاریخی موقع پر تمام ممبر ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کا یہ اقدام دنیا بھر کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال و ترسیل کے خاتمہ کی کوششوں کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے پیش کی جانے والی متفقہ طور پر منظور شدہ قرارداد کی تیاری اور منظوری کے مراحل میں وزارت انسداد منشیات، اینٹی نار کوٹکس فورس اور دفتر خارجہ(ویانا) کے افسران کا کردار قابل ستائش ہے۔یہاں یہ امر انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ پاکستانی قرارداد کی اہمیت و متوقع ثمرات کے پیش نظردیگر کئی ممالک جن میں بیلاروس، لیبیا، نائجیریا، پیراگوائے، فلپائن، چین، روس، انڈونیشیااور ویت نام نے بھی پاکستانی قراداد کے معاون محرکات کے طور پر اس میں شمولیت اختیار کی، جو یقیناًایک قابل فخر اقدام ہے۔

اس قرارداد کی منظوری سے پاکستان میں ڈائیریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹیکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک کے احکامات پر تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمہ کیلئے اے این ایف کی خصوصی مہم کو مزید تقویت ملے گی۔ بہت سے ممبر ممالک نے پاکستان کے تعلیمی اداروں سے منشیات کی روک تھام کے سلسلہ میں منظور کی جانے والی قرارداد پر سیکریٹری وزارت منشیات اور انکے ہمراہ وفد کو خصوصی مبارکباد دی اور منشیات کے خاتمے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا، اور اسے سفارتی محاز پر اہم کامیابی قرار دیا۔

گذشتہ روز سیکرٹری انسداد منشیات اقبال محمود نے اجلاس سے خطاب کے دوران بتایاکہ پاکستان نے پچھلے سال مختلف کاروائیوں میں 400ٹن سے زیادہ منشیات برآمد کیں جن میں بین الااقوامی حوالے سے بہت اہم کیسیزبھی کثیر تعداد میں شامل ہیں۔ وفد نے یو این او ڈی سی کے اعلی افسران کے علاوہ چین، امریکہ، روس، ، ترکی اور سعودی عرب کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے پاکستان کے منشیات کے روک تھام کے لئے کردار کو سراہااور وفد کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے مزید کہا کیا کہ پاکستانی معاشرے میں منشیات کے لیے کوئی گنجائش نہیں اور حکومت پاکستان منشیات کی روک تھام کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے پاکستان کے پڑوسی ملک میں پوست کی بڑھتی ہوئی پیداوار اور اس سے منسلک خطرات پر بھی روشنی ڈالی۔یاد رہے کہ پڑوسی ملک میں منشیات کی پیداوار میں 2017میں 87%اضافہ ہوا ہے اور یو این او ڈی سی کے اعداد و شمار کے مطابق یہ بہت زیادہ پیداوار ہے۔

متعلقہ عنوان :