افغان صدر اشرف غنی کی پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو افغانستان کے دورے کی دعوت

وزیر اعظم پاکستان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان جامع مذاکرات کا آغاز ہو جائیگا ،ْناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کے بعد بیان افغان صدراور قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ کے درمیان ملاقات میں پاکستان کے سفیر اور فوجی حکام بھی شریک ہوئے

ہفتہ 17 مارچ 2018 16:27

افغان صدر اشرف غنی کی پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو افغانستان ..
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) افغان صدر اشرف غنی نے پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو افغانستان کے سر کاری دورے کی باضابطہ دعوت دی ہے ۔صدر اشرف غنی نے یہ اعلان ہفتہ کو کابل میں پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر ڈ ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات میں دی ،ْ اشرف غنی نے اپنے سرکاری ٹوئٹر پر کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان جامع مذاکرات کا آغاز ہو جائیگا ۔

ملاقات میں قومی سلامتی کے مشیر نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جس میں کابل میں پاکستان کے سفیر اور کئی فوجی حکام بھی شریک ہوئے ۔افغان وفد نے افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر ،ْ پاکستان میں افغانستان کے سفیر عمر زاخیل وال اور افغانستان کے فوج کے سربراہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ افغان قومی سلامتی کے مشیر نے ناصر خان جنجوعہ کو مذاکرات کیلئے دورے کی دعوت دی تھی ۔

ذرائع کے مطابق ناصر خان جنجوعہ کا دورہ ایسے وقت میں ہورہاہے جب امن مذاکرات کیلئے خطے میں سفارتی کوششیں بھی تیز ہو گئیں ،ْپاکستان نے افغان صدر کی جانب سے 28فروری کو کابل پراسسز کے اجلاس میں طالبان کو مذاکرات کی دعوت کا خیر مقدم اور اس میں تعاون کا یقین دلایا ۔یاد رہے کہ پاکستان کی دعو ت پر جنوری میں قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے نمائندوں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں پاکستان نے طالبان کو بین الافغانی مذاکرات میں شامل ہونے کا مشورہ دیا تھا ۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ ماہ افغانستان کے مغربی شہر ہرات میں گیس پائپ لائن منصوبے کے افغان حصے کی تعمیر شروع کر نے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان کو امن مذاکرات میں اپنا کر دار ادا کر نے کا مکمل تعاون کا یقین دلایا تھا ۔افغان سفارتی ذرائع نے کہا کہ پاکستان اور افغان قومی سلامتی کے مشیر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کر نے کی تجاویز پر بھی غور کرینگے ۔گزشتہ ماہ اسلام آباد میں پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس کے بعد یہ کسی بھی اہم شخصیت کا کابل کا پہلا دورہ ہے ۔