میرے ساتھ ہونے والا سلوک کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، شرجیل میمن

کیا نواز شریف فرشتہ ہیں جو ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نہیں ڈالا جاسکتا،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 17 مارچ 2018 16:27

میرے ساتھ ہونے والا سلوک کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، شرجیل میمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے شریف خاندان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کیا نواز شریف فرشتہ ہیں جو ن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نہیں ڈالا جاسکتا۔

(جاری ہے)

ہفتے کو کراچی کی احتساب عدالت میں پیشی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، شرجیل میمن نے کہا کہ نواز شریف فرشتہ ہے اس کا نام ای سی ایل میں نہیں آسکتا، نہ ان کو ملک سے باہر جانے پر پابندی ہے ، یہ لوگ عدالت بھی اپنی گاڑیوں میں آتے ہیں، ان کو ضمانتوں کی ضرورت نہیں۔

سابق وزیر نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت چاہے انہیں نا اہل قرار دے دے مگر اس کے باوجود یہ لوگ گرفتار نہیں کئے جائیں گے کیونکہ نیب کا پنجاب میں ایک قانون اور سندھ میں دوسرا قانون ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ میں رضا کارانہ طور پر وطن واپس آیا تھا، جو سلوک میرے ساتھ ہو رہا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، مقدمات بننے کے بعد لوگ تو ملک سے فرار ہو گئے، اب یہ پیغام ان لوگوں کی طرف سے دیا جا رہا ہے کہ اگر مقدمات بنے تو ملک سے باہر چلے جاؤ۔طبیعت کے حوالے سے سوال پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بس چل رہا ہوں ڈاکٹر سے رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔