سپیکم سوسائٹی معاشرے کی فکری اور تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی اہم کام کر رہی ہے، ڈی پی او ہری پور

ہفتہ 17 مارچ 2018 14:52

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء) یونیورسٹی آف ہر ی پور کی سپیکم سوسائٹی معاشرے کی فکری اور تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی اہم کام کر رہی ہے جن میں قیام امن کی مساعی، سماجی اور مذہبی ہم آہنگی، خواتین اور بچوں کے حقوق اور تحفظ اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت اور دیگر ایسے امور شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈی پی او ہری پور خالد ہمدانی نے سپیکم کی ٹیم سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے سپیکم کی ان کوششوں کو بہت سراہا اور سپیکم کو اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس ملاقات میں ڈپٹی کمشنر فیاض علی شاہ بھی موجود تھے جنہوں نے ’’ذمہ دار ہری پور‘‘ کے نام سے اپنا ایک منصوبہ بھی ٹیم سپیکم کے سامنے رکھا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ سپیکم اس منصوبہ کو علمی جامہ پہنائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان کے خیال میں سپیکم اس کام کو بہترین انداز میں آگے لے جا سکتی ہے۔ اس موقع پر تحفظ اطفال نامی منصوبہ بھی زیر غورآیا۔ چیئرمین سپیکم ڈاکٹر مھیمن نے ڈی پی او اور ڈی سی ہری پور کو یقین دلایا کہ وہ اور ان کے رضاکار معاشرے کی فلاح و بہبود کی خاطر ہر قسم کے تعاون کیلئے مکمل تیار ہیں۔