پاکستان کا وزیر تجارت کو کانفرنس میں شرکت کیلئے احتجاجاً بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ

بھارت نے پاکستانی وزیر تجارت کو 19 مارچ کو دو روزہ کانفرس میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا

ہفتہ 17 مارچ 2018 14:04

پاکستان کا وزیر تجارت کو کانفرنس میں شرکت کیلئے احتجاجاً بھارت نہ بھیجنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) پاکستان نے وزیر تجارت کو دو روزہ کانفرنس میں شرکت کے لیے بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت میں پاکستانی سفارتی عملے کو ہراساں کرنے کے واقعات کے باعث پاکستان نے وزیر تجارت محمد پرویز ملک کو احتجاجاً بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے پاکستانی وزیر تجارت کو 19 مارچ کو دو روزہ کانفرس میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا تاہم اب سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان اپنے وزیر تجارت کو بھارت نہیں بھیج سکتا۔

خیال رہے کہ نئی دہلی میں موجود پاکستانی سفارتکاروں کو گزشتہ کئی روز سے ہراساں کیے جانے کے واقعات رونما ہورہے ہیں جس پر پاکستان نے تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔گزشتہ روز پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہمارے ڈپٹی ہائی کمشنر کے بچوں کی گاڑی کو40 منٹ تک روکا گیا، سفارتی عملے کو ہراساں کیے جانے کے واقعات تسلسل سے ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ اپنے سفراء کا تحفظ ہمارے لئے اہم ہے، اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، بھارت ہمیں اپنی اندرونی سیاست میں ملوث و استعمال نہ کرے۔

متعلقہ عنوان :