معروف مذہبی رہنما نے ججز کو جادو سے بچنے کا وظیفہ بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 17 مارچ 2018 13:01

معروف مذہبی رہنما نے ججز کو جادو سے بچنے کا وظیفہ بتا دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مارچ 2018ء): نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف مذہبی رہنما مولانا طاہر اشرفی نے ججز کو جادو سے بچنے کا وظیفہ بتادیا۔ مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جادو برحق ہے اور یہ بات بھی سچ ہے کہ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے، کوئی جتنا بھی جادو کر لے جتنا بھی کچھ کر لے ، اگر میرا تعلق میرے اللہ سے ہے تو کسی کا کوئی جادو نہیں چل سکتا۔

جہاں تک عدلیہ اور انصاف فراہم کرنے والے اداروں کا تعلق ہے تو جہاں جادوگروں نے جادو سیکھا ہوا ہے وہیں اللہ تعالیٰ نے ان اداروں کی حفاظت کا بھی ایک نظام بنایا ہو اہے۔ اگر ایسے جادو چلنے لگا تو پھر تو بنگلہ دیش کی پوری دنیا میں حکومت ہو جانی چاہئیے تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تسبیح پڑھنا اور پھونکیں مارنا نواز شریف اور مریم نواز کا حق ہے تا کہ ان کے حق میں نرم فیصلے ہوں ، اب نہ جانے ان کو یہ تسبیح بنگال سے آئے ہوئے کسی جادوگر نے بتائی ہے یا مولانا طارق جمیل نے بتائی ہے، کیونکہ چند دن قبل مولانا طارق جمیل گئے تھے تب بھی خبر آئی تھی کہ انہوں نے وظائف بتائے ہیں۔

قرآن و حدیث کے مطابق وظائف کرنا درس ہے لیکن ان کے علاوہ کوئی عمل شرک کے زمرے میں آتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ خبر کی حد تک تو تبصرہ ہو سکتا ہے، کوئی شر اور شیطانی چیز انسان پر حاوی نہیں ہو سکتی اگر کسی انسان کا تعلق اللہ سے ہے۔میں نہیں سمجھتا کہ کوئی جادوگر کسی عدالت یا جج پر اثر انداز ہو سکتا ہے کیونکہ عدل و انصاف کے اس نظام کی حفاظت اللہ تعالیٰ خود کرتا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کیسز سے بچنے کے لیے نواز شریف اور مریم نواز نے بنگالی جادوگروں سے ٹوٹکے سیکھے ہیں۔ مولانا طاہر اشرفی نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں: