ہم نواز شریف کی خاطر جان دے بھی سکتے ہیں اور جان۔۔۔۔ دھمکی آمیز بینرکی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 17 مارچ 2018 12:46

سانگلہ ہل (اردو پوئنٹ تازہ ترین اخبار۔17مارچ 2018ء) پانامہ لیکس کیس میں نااہلی کے بعد سے ہی شریف خاندان اور مسلم لیگ ن کی جانب سے اداروں پر چڑھائی کرنے کا ایک سلسلہ شروع ہوا۔ اپنے کئی خطابات اور بیانات میں سابق وزیرا عظم نواز شریف نے عدلیہ سمیت ملکی اداروں پر لفظی گولہ باری کی اور تنقید کا نشانہ بنایا۔ حال ہی میں ن لیگی رہنما نہال ہاشمی نے بھی عدلیہ کی توہین کرنے اور دھمکی آمیز کلمات استعمال کرنے پر جیل کی ہوا تو کھائی لیکن جیل سے باہر آتے ہی پھر سے وہی کام شروع کر دیا۔

اس کے بعد طلال چوہدری اور دانیال عزیز بھی نہال ہاشمی کے نقش قدم پر چلنے لگے ، جسے دیکھ کر یوں لگا کہ گویا مسلم لیگ ن اداروں پر بیان بازی کرنے سے باز نہیں آنے والی۔ نواز شریف نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ میں تصادم نہیں کرنا چاہتا، ان کے اس بیان کے بعد یہ تاثر گیا کہ شاید اب ملکی اداروں پر تنقید نہیں ہو گی لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ایک بینر کی تصویر نے یہ تاثر بھی زائل کر دیا۔

(جاری ہے)

چرونڈ چک نمبر 111/R.Bسانگلہ ہل میں مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کی جانب سے ایک بینر آویزاں کیا گیا جس میں ایک طرف تو آئی لو یو میاں نواز شریف تحریر ہے لیکن بینر کے نمایاں حصے پر کچھ دھمکی آمیز کلمات تحریر کیے گئے ہیں۔ بینر پر نواز شریف کی تصویر کے ساتھ تحریر کیا گیا کہ سازشی فنکاروں اور ہدایت کاروں کو یہ انتباہ کر رہے ہیں کہ ہم نواز شریف کی خاطر جان دے بھی سکتے ہیں اور جان۔

۔ اس کے بعد یہ جُملہ ادھورا چھوڑ دیاگیا۔ اس بینرز پر اس انتباہی پیغام کے ساتھ ساتھ اور اور پیغام بھی درج ہے کہ '' قائدہ میں رہو گے تو فائدہ میں رہو گے'' اور ساتھ ہی مقامی قیادت کے نام اور تصاویر بھی موجود ہیں۔ بینر کے وائرل ہونے پر کئی سوشل میڈیا صارفین نے موقف اپنایا کہ جان سے آگے خالی جگہ پر شاید '' جان لے بھی سکتے ہیں'' تحریر کیا جانا تھا ، جو کہ صریح اور کھُلی دھمکی ہے۔

لیکن چونکہ اس جگہ کو خالی چھوڑ دیا گیا ہے لہٰذا اس حوالے سے کچھ کہا نہیں جا سکتا۔ ن لیگ کے مخالف صارفین نے اس بینر کی وجہ سے شریف خاندان اور حکومتی نمائندوں کو خوب بُرا بھلا کہا جبکہ ن لیگ کے حامیوں میں سے کئی صارفین نے اس بینرز کو فوٹو شاپ میں بنایا گیا بینر قرار دیا۔ واضح رہے کہ اس بینر پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستا ن محمد برجیس طاہر کا نام اور ان کی تصویر بھی درج ہے۔ اس بینر نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کیونکہ بینرز پرموجود مبینہ انتباہی پیغام سے ن لیگ کی آئندہ حکمت عملی وضع ہوتی ہے۔