پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا پشاور کور ہیڈ کوارٹرز اور خیبر ایجنسی کا دورہ

جمعہ 16 مارچ 2018 22:48

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا پشاور کور ہیڈ کوارٹرز اور ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو پشاور کور ہیڈ کوارٹرز اور خیبر ایجنسی کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کور ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف کو فاٹا اور خیبرپختونخوا میں سیکورٹی کی صورتحال اور آپریشن ردالفساد پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کو عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق آرمی چیف نے خیبر ایجنسی میں پاک۔افغان سرحد پر حفاظتی باڑ لگانے کے کام کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے علاقہ میں تعینات پاک فوج کے افسروں، جوانوں اور قبائلی عمائدین کے ساتھ بھی ملاقات کی اور امن و امان کے قیام کیلئے ان کی قربانیوں کو سراہا۔ اسی طرح علاقہ میں قیام امن کو یقینی بنانے کے حوالہ سے سیکورٹی فورسز کی معاونت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ امن و امان اور سلامتی کیلئے کی جانے والی موجودہ کوششیں بارآور ثابت ہوں گی۔ کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا بھی دورہ میں شریک تھے۔