مشرف کی واپسی کی یقین دہانی پر اداروں کو کارروائی سے روک دیا ،ْوزیر داخلہ احسن اقبال

خصوصی عدالت نے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے ،ْاگر پرویز مشرف نہ آئے تو خصوصی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہو جائیگا ،ْوزیرداخلہ امید ہے پرویز مشرف بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرح عدالت میں پیش ہوں گے ،ْشریف فیملی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائیگی ،ْ چودھری نثار دور کے تمام ای سی ایل کیسز کی توثیق کابینہ سے کرائی جائے گی ،ْمیڈیا سے گفتگو

جمعہ 16 مارچ 2018 22:33

مشرف کی واپسی کی یقین دہانی پر اداروں کو کارروائی سے روک دیا ،ْوزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2018ء) وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ انہوں نے پرویزمشرف کی وطن واپسی کی یقین دہانی پر فی الحال حکومتی اداروں کو کارروائی سے روک دیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں اپنا تحریری حکم جاری کردیا ہے جس میں وفاقی حکومت کو سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی گرفتاری کے لیے اقدامات کا حکم دیا گیا اس حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ خصوصی عدالت نے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے، اگر ایک ہفتے تک پرویز مشرف نہ آئے تو خصوصی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ مشرف بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرح عدالت میں پیش ہوں گے۔

(جاری ہے)

نواز شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے وزیرداخلہ نے کہا کہ اس حوالے سے وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی اس لیے یہ کیس کابینہ کو بھجوا دیا۔انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ کے 2016ء کے فیصلہ کی روشنی میں ای سی ایل کے تمام کیسوں کی کابینہ سے منظوری لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ چودھری نثار دور کے تمام ای سی ایل کیسز کی توثیق کابینہ سے کرائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے فیصلے کہیں اور نہیں ہوتے بلکہ آئین و قانون کے مطابق فیصلے کئے جاتے ہیں۔