کامران اکمل کی دھواں دار سنچری، پشاور زلمی لاہور قلندرز کو ہرا کر پی ایس ایل تھری پلے آف میں پہنچ گئی،

زلمی نے 173 رنز کا ہدف 18 اوورز میں محض 3 وکٹوں پر پورا کیا، اکمل نے 7 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

جمعہ 16 مارچ 2018 22:23

کامران اکمل کی دھواں دار سنچری، پشاور زلمی لاہور قلندرز کو ہرا کر پی ..
شارجہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) کامران اکمل کی طوفانی سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری پلے آف کیلئے کوالیفائی کر لیا، زلمی نے اپنے آخری میچ میں لاہور قلندر کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دی، زلمی نے 173 رنز کا ہدف 18 اوورز میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کامران اکمل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 61 گیندوں پر 7 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کھیلے گئے پی ایس ایل تھری کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 172 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، اینٹن ڈیوچ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی اننگز کھیلی اور نمایاں بلے باز رہے، فخر زمان 6، کپتان برینڈن میک کولم 7 اور آغا سلمان 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، سہیل اختر 30 اور گلریز صدف 26 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، حسن علی نے 2، ثمین گل اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف 18 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، 20 کے سکور پر زلمی کو ویسلز کا نقصان اٹھانا پڑا جو 4 رنز بنا کر ایبٹ کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد کامران اکمل نے ڈیوائن سمتھ کے ساتھ مل کر سکور 61 تک پہنچا دیا، یہاں پر سمتھ 14 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر حفیظ نے اکمل کا ساتھ دیا، دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ میں 87 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا، حفیظ 27 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کامران اکمل ایک اینڈ پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہے، ان کے سامنے قلندرز کے بائولرز بے بس نظر آئے، اکمل نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 61 گیندوں پر 7 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، سعد نسیم 17 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، یاسرشاہ نے 2 اور کائل ایبٹ نے ایک وکٹ لی۔