پاکستان سپرلیگ تھری : اہم میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی دھواں دار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا

172 رنز کا ہدف پشاور زلمی نی3 وکٹ کے نقصان پر 2 اوورز پہلے ہی حاصل کرلیا

جمعہ 16 مارچ 2018 22:19

پاکستان سپرلیگ تھری : اہم میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی دھواں ..
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2018ء) پاکستان سپرلیگ تھری کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی دھواں دار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 172 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی شاندار بلے بازی کی بدولت مطلوبہ ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر 2 اوورز پہلے ہی حاصل کرلیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور رکی ویسلز نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ویسلز دوسرے ہی اوور میں 4 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ڈیون اسمتھ بھی صرف 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کامران اکمل نے تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ کے ساتھ ملکر 87 رنز کی اہم شراکت قائم کی لیکن حفیظ 27 رنز بنانے کے بعد کامران کا ساتھ چھوڑ گئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کامران اکمل نے آج ٹھان رکھی تھی کہ وہ پشاور زلمی کو ہر حالت میں میچ جتوا کر پلے آف مرحلے میں پہنچائیں گے جس میں وہ کامیاب بھی رہے، کامران نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔اس سے قبل پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ تو اننگز کا آغاز فخرزمان اور ڈیوسچ نے کیا تاہم 19 کے مجموعی اسکور پر فخرزمان صرف 6 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، اوپنر فخرزمان کے آئوٹ ہونے کے بعد کپتان برینڈن مک کولم کریز پر آئیلیکن وہ صرف 7 رنز ہی بناسکے اور سمین گل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

کپتان برینڈن مک کولم کے آئوٹ ہونے کے بعد اوپنر ڈیوسچ اور آغاسلمان نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکور 95 تک پہنچایا تاہم آغاسلمان 28 رنز پر وہاب ریاض کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔اوپننگ کے لیے آنے والے ڈیوسچ نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 42 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ حسن علی کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔119 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد گلریز صدف اور سہیل اختر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے لاہور کا اسکور آگیبڑھایا، گلریز نے 26 جب کہ سہیل اختر نے صرف 16 گیندوں پر 30 رنز بنائے جس کی بدولت لاہور قلندرز مقررہ اوورز میں 172 رنز بناسکی۔۔