مشیر برائے خزانہ کی جانب سے اسٹیل ملز مفت بیچنے کے اعلان کے بعد واضح ہوگیا ن لیگ کی حکومت قومی اثاثوں کو دشمن کی آنکھ سے دیکھتی ہے، سیدنویدقمر

جمعہ 16 مارچ 2018 21:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2018ء) قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے اسٹیل ملز مفت بیچنے کے اعلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیان سے واضح ہوگیا، مسلم لیگ (ن)حکومت قومی اثاثوں کو دشمن کی آنکھ سے دیکھتی ہے۔ اپنے بیان میں سید نوید قمر نے مفتاح اسماعیل کے اعلان کو قوم کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق قرار دیا اور کہا کہ مسلم لیگ(ن)حکومت قومی اثاثوں کی بندر بانٹ کرنا چاہتی ہے اور اس طرح کے بیانات کا مقصد اثاثوں کی ویلیوشن کو گرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کی نجکاری کے لیئے سات سے آٹھ ماہ کا عرصہ درکار ہوتا ہے جبکہ موجودہ حکومت کے پاس فقط دو ماہ بچے ہیں، عجلت میں کی جانے والی نجکاری پر شفافیت کے حوالے سے سوالیہ نشان لگ جائیں گے۔

(جاری ہے)

نوید قمر نے کہا کہ کسی بھی حکومت کو کسی بھی ادارے کے اکثریتی حصص فروخت کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں بھی نواز شریف قومی اثاثوں کو اپنے کاروباری شراکتداروں کو کوڑیوں کے مول بیچ چکے ہیں اور جس کا خمیازہ ملک و قوم آج تک بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قوم کو دیا ہوا تحفہ ہے، جسے پیپلز پارٹی لوٹ سیل کا حصہ بننے نہیں دے گی، جبکہ اسٹیل ملز کی زمین سندھ حکومت کی ملکیت ہے۔

متعلقہ عنوان :