کراچی کی ترقی پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے ،سیدمصطفی کمال

ہم تاجر برادری، مصطفی کمال کی جانب دیکھ رہے ہیں اور ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کو تیار ہیں، عتیق میر

جمعہ 16 مارچ 2018 21:10

کراچی کی ترقی پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے ،سیدمصطفی کمال
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2018ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہاکہ میں سیاست برائے سیاست کے بجائے انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتا ہوںاور اسی جذبے کے ساتھ میدان میں آیا ہوں، دکھی انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھتا ہوں ۔اقتدار میں آکر کراچی سمیت پورے پاکستان کی محرومیوں کا خاتمہ کروں گا کیونکہ کراچی کی ترقی پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔

تاجر برادری نہ صرف ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے بلکہ معاشرے کی خوشحالی میں بھی ان کا بنیادی کردار ہے ۔ان خیالات کا اظہارپاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے جامع کلاتھ مارکیٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں موجود شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر صدر کراچی ڈویژن و ممبر نیشنل کائونسل سید آصف حسنین اور دیگر بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔

سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ کراچی میں بسنے والے یہاں کے تاجروںاورروزانہ کی بنیادپر اجرت کمانے والوں کی تکالیف کا ہمیں اندازہ ہے کہ وہ موجودہ معاشی حالات کی وجہ سے اپنے بچوں کے پیٹ پالنے کے لئے کس طرح اپنا خون پسینہ ایک کر تے ہیں۔70 سال گزر جانے کے باوجود بھی پانی جیسی بنیادی سہولت کے حصول کے لئے میرے شہر کے لوگ پریشان ہیں۔ہم نہ صرف کراچی کے مسائل بلکہ ان کا حل بھی جانتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جب ہم اقتدار میں ہونگے تو یہ نہیں کہینگے کے ہمارے پاس مسائل کے حل کا اختیار نہیںبلکہ ہم آپکے مسائل آپکی دہلیز پر حل کرینگے یا اقتدار آپ کے حوالے کر کے اپنے گھر جائیں گے۔ چیئرمین تاجر اتحاد عتیق میرنے اس موقع پرکہاکہ ہم تاجروں نے جب بھی مصطفی کمال کو پکارا انہوں نے کبھی مایوس نہیں کیا،مصطفی کمال ہی ہماری واحد امید ہیں، کراچی کے باسیوں کے لیئے ہم تاجر برادری مصطفی کمال کی جانب دیکھ رہے ہیں اور ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کو تیار ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ بولٹن مارکیٹ کے وقت مصطفی کمال نے دن رات ایک کر کے ہمارا ساتھ دیا اور مایوس نہیں کیااسی لئے تاجر برادری یہ سمجھتی ہے کہ صرف مصطفی کمال ہی کراچی اور یہاں کے لوگوں کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔