جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹر میں اجلاس

اجلاس میں سردار جعفر لغاری کیخلاف زمین پر مبینہ طور پر قبضہ ، امجد علی خان کیخلاف غیر قانون ٹھیکہ اور منظور وسان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بتانے کے مبینہ الزام کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ

جمعہ 16 مارچ 2018 21:01

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹر میں اجلاس
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2018ء) قومی احتساب بیورو نے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کیخلاف زمین پر مبینہ طور پر قبضہ ، سابق چیف سیکرٹری امجد علی خان کیخلاف غیر قانون ٹھیکہ اور صوبائی وزیر منظور وسان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بتانے کے مبینہ الزام کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے ۔ جمعے کو جاری اعلامیہ کے مطابق نیب کے چیئرمین جسٹس ر جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹر میں اجلاس ہوا اس میں متعدد فیصلے کئے گئے ۔

اجلاس میں سردار جعفر لغاری ممبر قومی اسمبلی کیخلاف موضع چانڈیہ میں تقریباً 2425 کنال زمین پر مبینہ طور پر قبضہ کرنے کے الزام کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا ۔ اجلاس میں امجد علی خان سابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کیخلاف کورگ کنال پراجیکٹ کا مبینہ طور پر غیر قانونی ٹھیکہ دینے اور شیشم کے درختوں کی فروخت اور کٹائی کے مبینہ الزام میں شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے سپیشل اسسٹنٹ پہلاج مل اور امتیاز ملاح کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مبینہ الزام میں شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا ۔ اجلاس میں منظوروسان صوبائی وزیر صنعت اور دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مبینہ الزام میں شکایت اور دیگر کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :