ناصر خان جنجوعہ اپنے افغان ہم منصب حنیف اتمر کی دعوت پر سکیورٹی معاملات پر مذاکرات کیلئے (کل)کابل جائینگے

پاکستان اور افغان قومی سلامتی کے مشیر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کر نے کی تجاویز پر بھی غور کرینگے ،ْ سفارتی ذرائع

جمعہ 16 مارچ 2018 20:38

ناصر خان جنجوعہ اپنے افغان ہم منصب حنیف اتمر کی دعوت پر سکیورٹی معاملات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2018ء) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر ڈ ناصر خان جنجوعہ اپنے افغان ہم منصب حنیف اتمر کی دعوت پر سکیورٹی معاملات پر مذاکرات کیلئے (آج)ہفتہ کو ایک روزہ دورے پر کابل جائینگے ۔اسلام آباد میں سفارتی ذرائع نے ’’این این آئی‘‘ سے بات چیت کے دور ان دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ناصر خان جنجوعہ کو دورے کی دعوت حنیف اتمر نے دی تھی ۔

توقع ہے کہ ملاقات میں افغانستان میں امن عمل میں پاکستان کے کر دار اور دہشتگردی کے خلاف دونوں ممالک کے تعاون سے متعلق امورپر گفتگو ہوگی ۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہاہے جب امن مذاکرات کیلئے خطے میں سفارتی کوششیں بھی تیز ہو گئی ہیں ۔پاکستان نے افغان صدر کی جانب سے 28فروری کو کابل پراسسز کے اجلاس میں طالبان کو مذاکرات کی دعوت کا خیر مقدم اور اس میں تعاون کا یقین دلایا ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کی دعو ت پر جنوری میں قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے نمائندوں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں پاکستان نے طالبان کو بین الافغانی مذاکرات میں شامل ہونے کا مشورہ دیا تھا ۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ ماہ افغانستان کے مغربی شہر ہرات میں گیس پائپ لائن منصوبے کے افغان حصے کی تعمیر شروع کر نے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان کو امن مذاکرات میں اپنا کر دار ادا کر نے کا مکمل تعاون کا یقین دلایا تھا ۔

افغان سفارتی ذرائع نے کہا کہ پاکستان اور افغان قومی سلامتی کے مشیر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کر نے کی تجاویز پر بھی غور کرینگے ۔گزشتہ ماہ اسلام آباد میں پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس کے بعد یہ کسی بھی اہم شخصیت کا کابل کا پہلا دورہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :