پی آئی اے اور سٹیل مل کی نجکاری کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعہ 16 مارچ 2018 20:38

پی آئی اے اور سٹیل مل کی نجکاری کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2018ء) تحریک انصاف کے ایم پی اے شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی میں پی آئی اے اور سٹیل مل کی نجکاری کے خلاف قرار داد جمع کرا دی ہے جس میں مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے بیان کو انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت قرار دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عجیب منطق ہے کہ پی آئی کی خریداری کے ساتھ سٹیل مل بطور تحفہ پیش کی جا رہی ہے اس طرح مال مفت بل بے رحم سے بھی نہیں لٹا یا جاتا ،پی ٹی آئی اس طرح کی پالیسیوں کے سخت خلاف ہے جس سے ملک میں بے روزگاری کا نیا طوفان آ جائے گا ، ایم پی اے شعیب صدیقی نے اپنی قرار داد میں مطالبہ کی ہے کہ نیب کو ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے جو قومی اداروں کے درپے ہو چکے ہیں ،انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کے اداروں کی نکاری کی جار ہی ہے ایسے تو جوتوں اور کپڑوں کی سیل بھی نہیں لگائی جاتی ، انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو ملک تو دیوالیہ ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا،ایم پی اے شعیب صدیقی نے اپنی قرار داد میں اس صورتحال کو پنجاب اسمبلی میں زیر بحث لانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وفاقی حکومت سے اس بارے میں مناسب کاروائی کی سفارش کی جا سکے ،ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہاکہ تحریک انصاف اس صورتحال پر ہر گز خاموش نہیں رہے گی اور اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور آواز اٹھائے جائے گی۔