موجودہ حکومت کا محور صرف اور صرف پاکستان کی ترقی، استحکام اور اس کی خوشحالی سے وابستہ ہے،

عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کیلئے لڑنا سب سے اعلی سیاست ہے ، نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہے ،جن قوموں کے نوجوان ہمت، حوصلہ اور محنت سے کام کرتے ہیں وہ قومیں بلند مقام حاصل کرتی ہیں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا سیمینار سے خطاب

جمعہ 16 مارچ 2018 20:18

موجودہ حکومت کا محور صرف اور صرف پاکستان کی ترقی، استحکام اور اس کی ..
لاہور۔16 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا محور صرف اور صرف پاکستان کی ترقی، استحکام اور اس کی خوشحالی سے وابستہ ہے۔ عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کے لئے لڑنا سب سے اعلی سیاست ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہے ،جن قوموں کے نوجوان ہمت، حوصلہ اور محنت سے کام کرتے ہیں وہ قومیں بلند مقام حاصل کرتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے مقامی ہوٹل لاہور میں مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے صدر چوہدری غلام حسین، سعود مجید،صوبائی وزراء منشاء اللہ بٹ، قائمقام صدر پی ایم ایل این پنجاب اور صوبائی وزیر ندیم کامران،میاں شفیق،چوہدری شیر علی،ممبر صوبائی اسمبلی شہزاد منشی، نو منتخب سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف، مسلم لیگی راہنما آصف رجوانہ ، چوہدی سفاد سندھو اور دیگر مسلم لیگ(ن) کے عہدیداران کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی سب سے بڑی خوبصورتی اور سرمایہ اس کے ورکرز ہوتے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ نون اس حوالے سے خوش نصیب جماعت ہے کہ اسے غیور، محنتی اور پرعز م کارکن ملے ہیں- انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)اور اس کی قیادت نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو وہ عزت اور مقام دیا ہے جس کے وہ مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد نے ہمیشہ اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ جماعت کے کارکن کی عزت و توقیر ہماری اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ چلتا پھرتا پاکستان ہے یہ کل بھی زندہ تھی ،آج بھی زندہ ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی قائم و دائم رہے گی۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ جب تک غلام حسین شاہد جیسے نڈر ، حوصلہ مند اور ہمت والی شخصیات ہم میں موجود ہیں ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا- انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے تمام کارکن محمد شہباز شریف کی قیادت میں متحد اور یکجا ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ترقی کے ثمرات ایسی آبادیوں تک پہنچادیئے ہیں جہاں کبھی ترقیاتی کاموں کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج حکومتی کاوشوں کی وجہ سے صنعتوں کو پوری گیس اور بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی،کام اور عوام کی خدمت اس کی پہچان ہے۔

گورنر نے کہا کہ ہمیں ایسے لوگوں کا ساتھ نہیں دیناچاہئے جو ملک کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی کردار کشی کرنے کی بجائے ہمیںپاکستان کی خوشحالی اور اس کے استحکام کے لئے آگے بڑھنا ہوگا تبھی ہم ایک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو سکیں گے۔در یں اثناہء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں گورنر خیبر پختون خواہ ظفر اقبال جھگڑا نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اوراہم قومی امور پر تفصیلی تبالہٴ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لئے ہم سب کو قومی یکجہتی ، باہمی ہم آہنگی اور اجتماعی سوچ و فکر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دُنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی کی جنگ پاکستان نے لڑی ہے اور لڑ رہا ہے جس میں پاکستانی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ پوری قوم کی قربانیاں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے حوالے سے فاٹا کے عوام کی قربانیاں بھی قابل تحسین ہیں۔اس موقع پر گورنر خیبر پختون خواہ ظفر اقبال جھگڑا نے لاہور میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے واقعہ کی پُر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے گھنائونے واقعات میں ملوث شرپسند عناصر کسی بھی طرح معافی کے مستحق نہیں انہیں قرار واقعی سزاملنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور اسے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پور قوم ایک پیج پر ہے۔