سیکرٹریزیونین کونسلز کا مطالبات منظور نہ ہونے کے خلاف 28 مارچ کو پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا کا اعلان

جمعہ 16 مارچ 2018 20:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2018ء) سیکرٹریز ایسوسی ایشن پنجاب کے عہدیداروں نے صوبائی حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ 28 مارچ تک سیکرٹریز یونین کونسلز کے مطالبات منظور نہ ہوئے تو وہ پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیم کے سرپرست اعلی رانا محبوب حسین و دیگر راہنماؤں نے کہا کہ وہ اپنے جائز مطالبات کے لئے کئی بار اعلی حکام کو آگاہ کر چکے ہیں مگر تاحال ان کی شنوائی نہیں ہوئی اگر بیوروکریسی نے لالی پاپ دینے کی پالیسی جاری رکھی تو وہ اپنے حق کے لئے خود سوزی کرنے پر مجبور ہو جائیںگے جس کی تمام تر ذمہ داری سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پر ہو گی ۔

رانا محبوب حسین اور ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری رضوان فاروق لودھی نے کہا کہ ایک ماہ قبل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شاہد نصر راجہ نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ مارچ کے پہلے ہفتے میں ان کے مطالبات منظور کر کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا مگر تاحال کوئی پیش رفت نہ ہو سکی جس پر سیکرٹریز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ حکومت کی مدت ختم ہونے میں صرف دو ماہ باقی رہ گئے ہیںمگر سروس سٹرکچر سمیت دیگر معاملات کے متعلق کوئی مثبت فیصلہ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے اپیل کی کہ ایسے افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جو ملازمین اور حکومت کے مابین اختلافات پیدا کرنے کی سازش میں مصروف عمل ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 28 مارچ کو پنجاب اسمبلی کے سامنے ملازمین اپنے بچوں سمیت دھرنا دینے پر مجبور ہو جائیں گے اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت ہمارے مسائل حل نہیں کرتی ۔