حکومت سے مذاکرات کامیا ب ہونے پر وائس چیئرمینز، کونسلرز اتحاد نے مال روڈ پردو روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا

حکومتی ٹیم سے مذاکرات سے قبل بلدیاتی ایکٹ2013کا علامتی جنازہ نکالاگیا،مذاکرات کامیاب ہونے پر بھنگڑے ڈالتے رہے ملک ندیم کامران کی سربراہی میں قائم کمیٹی مطالبات کو پورا کرانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی پابند ہو گی /مال روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

جمعہ 16 مارچ 2018 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2018ء) حکومت سے مذاکرات کامیاب ہونے پر وائس چانسلرزاور کونسلرز اتحاد نے مال روڈ پر دو روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا جس کے بعد شاہراہ کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ، صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ملک ندیم کامران کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی مطالبات کو پورا کرانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی پابند ہو گی ، مذاکرات کے دور سے قبل وائس چیئرمینز اور کونسلرز نے بلدیاتی ایکٹ 2013ء کا علامتی جنازہ جنازہ نکالا جبکہ مذاکرات کامیاب ہونے کی خوشی میں بھنگڑے ڈالے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وائس چیئرمینز اور کونسلرز اتحاد نے دوسرے روز بھی مال روڈ پر دھرنا دے کر اپنا احتجاج جاری رکھاجس سے مال روڈ اورملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام شدید دبائو کا شکا ررہا ۔

(جاری ہے)

دھرنے کے شرکاء وقفے وقفے سے اپنے مطالبات کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے جبکہ اس موقع پر بلدیاتی ایکٹ 2013ء کا علامتی جنازہ اٹھا کر پنجاب اسمبلی کے گر د چکر بھی لگایا گیا ۔

دوبارہ مذاکرات کی دعوت ملنے پر وائس چیئرمینز کی کور کمیٹی کے اراکین نے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ملک ندیم کامران کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی سے ملاقات کی ۔ بتایا گیا ہے کہ وائس چیئرمینز کو مذاکرات کی یقین دہانی کراتے ہوئے ملک ندیم کامران کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کر دی گئی جو ہر جمعرات کو وائس چیئرمینز کے مطالبات سے آگاہی حاصل کر کے انہیں حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔ مذاکرات کی کامیابی پر دھرنے کے شرکاء نے خوشی میں بھنگڑے ڈالتے ہوئے حکومت کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر کچھ وائس چیئرمینز اور کونسلرز نے احتجا ج ختم نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں صرف دھرنا ختم کرنے کیلئے لالی پاپ دیا گیا ہے ۔