فاٹا اصلاحات میں مزید تاخیر برداشت نہیں کرینگے، ارشاد خان صافی

سینٹ سے جلد فاٹا اصلاحات کو عملی جامہ پہنا کر 2018 ء الیکشن سے پہلے صوبائی نشستیں، این ایف سی ایوارڈ اور سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار کو فاٹا تک بڑھائینگے بعض فاٹا پارلیمنٹیرینز اصلاحات میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، فاٹا یوتھ جرگہ اسلام آباد میں جلد دھرنا دینے کیلئے تیاری کر رہے ہیں،ایگزیکٹوممبر فاٹا یوتھ جرگہ

جمعہ 16 مارچ 2018 19:38

مہمند ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2018ء) مہمند ایجنسی، فاٹا اصلاحات میں مزید تاخیر برداشت نہیں کرینگے۔ سینٹ سے جلد فاٹا اصلاحات کو عملی جامہ پہنا کر 2018 ء الیکشن سے پہلے صوبائی نشستیں، این ایف سی ایوارڈ اور سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار کو فاٹا تک بڑھائینگے۔ بعض فاٹا پارلیمنٹیرینز اصلاحات میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ فاٹا یوتھ جرگہ اسلام آباد میں جلد دھرنا دینے کیلئے تیاری کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار فاٹا یوتھ جرگہ کے ایگزیکٹو ممبر ارشاد خان صافی نے مہمند یوتھ فورم کے جوانوں عظمت خان صافی، عبدالجبار خان و دیگر کے ہمراہ مہمند پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی لیڈروں سمیت بعض فاٹا پارلیمنٹیرینز نے فاٹا اصلاحات میں قبائلی عوام کو دھوکہ دیکر ظلم کیا ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ کوئی بھی لیڈر فاٹا اصلاحات میں مخلص نہیں ہے۔

مگر اب ہم فاٹا یوتھ کی شکل میں میدان میں نکلے ہیں اور فاٹا یوتھ کی آواز کو گھر گھر، گلیوں اور کوچوں تک پہنچائینگے۔ اور فاٹا اصلاحات سے عوام کو آگاہ کرینگے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر 2018 ء الیکشن سے پہلے پہلے صوبائی نشستوں کی منظوری، ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کا حصہ اور ہائی کورٹ و سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار کو فاٹا تک نہ بڑھایا گیا تو ہم فاٹا کے تمام نوجوانوں کو اکٹھا کر کے اسلام آباد میں مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینگے۔

ایک طرف ایجنسی کے عوام کو بنیادی مشکلات تعلیم، صحت، مواصلات، پینے کے پانی، بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے تنگ ہیں۔ تو دوسری طرف فاٹا اصلاحات ایک ڈرامہ بنا ہوا ہے۔ فاٹا میں اجتماعی ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت ہے کیونکہ دہشت گردی سے تباہ شدہ قبائل ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ حکومت فوری طور پر سینٹ سے فاٹا اصلاحات بل فوری طور پر منظور کر کے نافذ کریں۔ تاکہ قبائلی عوام ملک کے دیگر حصوں کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔