پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی سے سپر سٹورز ایسوسی ایشن کے مذاکرات کامیاب

شہر بھر کے سپر سٹورز مالکان کو غیر معیاری اور غیر قانونی کمپنیوں کا سٹاک اٹھوانے کیلئے 30دن کی ڈیڈلائن

جمعہ 16 مارچ 2018 19:38

پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی سے سپر سٹورز ایسوسی ایشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2018ء) پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی(پی ایس کیو سی ای) لاہور زون کے ساتھ سپر سٹورز ایسوسی ایشن کے مذاکرات کامیاب، پی ایس کیو سی اے کی طرف سے سپر سٹوروں کو ایک مہینے تک غیر معیاری اور غیر قانونی کمپنیوں کا سٹاک اٹھانے کی ڈیڈلائن دے دی گئی، سپر سٹورز ایسوسی ایشن نے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے انجینئر خالد صدیق نے افسران کو شہر بھر کے سپر سٹوروں پر موجود غیر رجسٹرڈ، غیر معیاری اور غیر قانونی کمپنیوں کا سٹاک ضبط کرنے کا حکم دیا تھا جس بناء پر دو روز قبل پی ایس کیو سی اے کی خصوصی ٹاسک فورس مختلف سٹوروں پر چھاپے مار کر پی ایس کیو سی اے کا لائسنس نہ رکھنے والی غیر قانونی اور غیر معیاری کاسمیٹکس اور فوڈ کی کمپنیوں کیخلاف آپریشن شروع کر دیاتھا۔

(جاری ہے)

جس پرچیئر مین جمیل احمد،اختر محمود صدر اور عمران سلیمی جنرل سیکرٹری کی قیادت میں سپر سٹورز ایسوسی ایشن ایک وفد نے پی ایس کیو سی اے لاہور زون آفس میں ڈائریکٹروسیم مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر اصغر علی ، انجینئر رضوان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحمد نعمان سے مذاکرات کئے۔میٹنگ میں سپر سٹورز ایسوسی ایشن کو ایک مہینے کی ڈیڈ لائن دی گئی۔مذاکرات میں یہ طے کیا گیا کی پی ایس کیو سی اے کی نشاندہی پر شہر بھر کے تمام سپر سٹور مالکان غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کو پی ایس کیو سی اے سے لائسنس حاصل کرنے کیلئے کہیں گی اور ڈیڈلائن گزرنے کے بعد سٹورز مالکان ایسی کمپنیوں کا سٹاک اٹھوانے کی پابند ہونگی۔

یہ بھی طے کیا گیا کہ پی ایس کیو سی اے اس مدت کے دوران اور بعد میں ان سپر سٹورز پر جا کر شہریوں کیلئے آگہی مہم بھی شروع کریگی جس میں شہریوں کو صرف معیاری اور پی ایس کیو سی اے سے رجسٹرڈ کمپنیوں کی اشیاء خریدنے پر زور دیا جائیگا۔ڈائریکٹر وسیم مرزا نے کہا کہ غیر معیاری اور غیر قانونی کمپنیوں کا سٹاک رکھنا ممنوع ہے اور سپر سٹورز مالکان کو بھی چاہئے کہ وہ لوگوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والی غیر قانونی اور غیر معیاری کمپنیوں کا سٹاک روک دیں۔

جس پر سٹورز ایسوسی ایشن پی ایس کیو سی اے کو بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور غیر قانونی کمپنیوں کی حوصلہ شکنی کا عزم کیا۔واضح رہے کہ پی ایس کیو سی اے نیدو روز قبل مختلف چھوٹے بڑے سپر سٹورزپرچھاپوں کے دوران غیر قانونی کمپنیوں کا بھاری سٹاک ان سٹورز کی حدود میں ضبط کر کے فروخت سے روک دیا۔ضبط کئے گئے سٹاک میں سکن کریمیں،ٹوتھ پیسٹ، شیمپو، ہیئر کلر، ٹوائلٹ سوپ،کوکنگ آئل، سرکہ، شہد، سرخ مرچ اور ہلدی پاؤڈرکی بھاری مقدار شامل تھی۔ان کمپنیوں میں کاسمیٹکس کی ایسی کئی کمپنیاں بھی شامل تھیں جن پرنامکمل ایڈریس غلط لکھا گیا تھا۔جس پر ان سٹورزکو ایسی کمپنیوں کا سٹاک فروخت نہ کرنے کے آخری وارننگ نوٹسز بھی جاری کر دئیے گئے۔

متعلقہ عنوان :