ایکسپورٹرز کو پاسپورٹس اور قومی شناختی کارڈز کے حصول میں درپیش تمام مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا، میر عالم خان

ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں گی ،کوئی بھی ملک برآمدات کو فروغ دیئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ۔ملکی ترقی میں برآمدات ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، ڈائریکٹر جنرل نادرا

جمعہ 16 مارچ 2018 18:30

ایکسپورٹرز کو پاسپورٹس اور قومی شناختی کارڈز کے حصول میں درپیش تمام ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2018ء) ڈائریکٹر جنرل نادرا میر عالم خان نے کہا ہے کہ ایکسپورٹرز کو پاسپورٹس اور قومی شناختی کارڈز کے حصول میں درپیش تمام مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں گی ،کوئی بھی ملک برآمدات کو فروغ دیئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ۔ملکی ترقی میں برآمدات ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔

وہ آج یہاں پاکستان ہوزری مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (نارتھ زون) کے دفتر میں ایکسپورٹرز سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کوہ نور سنٹر میں ایگزیکٹو آفس قائم کر رہا ہے جو دن رات کام کرے گا اور پاسپورٹ جاری کرنے کا عمل 10تا 15منٹ میں مکمل ہو جایا کرئے گا۔انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کو ان کے گھروں کی دہلیز پر شناختی کارڈ جاری کر نے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ پی ایچ ایم اے کو بینک کی طرز پر نادرا کے سسٹم کے ساتھ جوڑدیا جائے گا تا کہ وہ اپنے ممبران کے سٹاف اور ورکرز کی شناخت ایسوسی ایشن کے دفتر میں کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کی شناخت کا بہترین نظام فنگر پرنٹ ہے جبکہ پاکستان کے پاس دنیا بھر کے مقابلہ میں یہ بہترین نظام موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد ایکسپورٹرز سے فیڈ بیک لینا تھا۔قبل ازیں چیئرمین پاکستان ہوزری مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (نارتھ زون) میاں نعیم احمد نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور ایکسپورٹرز کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حصول میں درپیش مشکلات کے بارے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہوزری مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن 1960سے کام کر رہی ہے اور یہ ملک میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں سالانہ 3.2 بلین یو ایس ڈالر کا حصہ ڈال رہا ہے۔اس موقع پر خواجہ محمد امجد سابق چیئرمین پاکستان ہوزری مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن ۔سید علمدار حسین۔قمر آفتاب۔ عثمان رئوف ۔کاشف ضیاء و دیگرایکسپورٹرزبھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :