جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے ماہرین کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے امور پر تاجر برادری سے تبادلہ خیال

جمعہ 16 مارچ 2018 18:07

جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے ماہرین کا اسلام آباد چیمبر آف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2018ء) جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ماہرین کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے امور پر تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں بورڈ آف انوسٹمنٹ کیلئے جائیکا ایکسپرٹ یوکو تاناکا، ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کیلئے جائیکا ایکسپرٹ میی سیتو، انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کیلئے جائیکا ایکسپرٹ شونیچی اوچیدہ اور ایشیا انجینئرنگ کنسلٹینٹ کمپنی لمیٹڈ کے منیجر برائے اکانومی اینڈ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ گروپ ہیروکو ہیاشی شامل تھے۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ وہ بورڈ آف انوسٹمنٹ، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے ساتھ بطور جائیکا ماہر کام کر رہے ہیں اور تاجر برادری کو اگر ان اداروں کی طرف سے کوئی مشکلات و مسائل درپیش ہیں تو وہ ان کی نشاندہی کریں تا کہ ان کے ازالے کیلئے وہ ان اداروں کو اپنی تجاویز پیش کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کیلئے ایک انوسٹمنٹ گائیڈ بک تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں تا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو پاکستان میں بہتر طور پر فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے تاجر برادری سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنی تجاویز دیں تا کہ ان کو گائیڈ بک کا حصہ بنایا جائے۔ وفد نے کہا کہ وہ پاکستان میں انڈسٹری کی آٹومیشن کرنا چاہتے ہیں تا کہ صنعتی شعبہ بہتر ترقی کر سکے۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ جاپان کی کمپنیوں کو پاکستان کی مارکیٹ میں مزید آسان رسائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

اس موقع پر دونوں جناب سے پاکستان اور جاپان کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقعوں کے بارے میں چیمبر میں ایک معلوماتی سمینار منعقد کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔وفد نے یقین دہانی کرائی کہ وہ تاجر براری کی تجاویز کو اپنی سفارشات میں شامل کریں گے تا کہ ان تجاویز کی روشنی میںمعیشت کے مختلف شعبوں میں ضروری اصلاحات لائی جا سکیں اور تجارتی وصنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ مختلف ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دینے کیلئے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو چاہیے کہ وہ فزیبیلیٹی سٹیڈیز تیار کرے اور ان کو اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرے تا کہ تاجر برادری ان سٹیڈیز سے استفادہ حاصل کر کے تجارت و برآمدات کو بہتر کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں تعینات پاکستان کے کمرشل کونسلز کو مزید فنڈز فراہم کئے جائیں تا کہ وہ برآمدات کو فروغ دینے کی کوششوں میں نجی شعبے کی بہتر معاونت کر سکیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں جینڈر مساوات کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے کہ حکومت خواتین انٹرپرینیورز کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کرے تا کہ مزید خواتین کاروبار کی طرف راغب ہوں اور معیشت کی ترقی میں بہتر کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو چاہیے کہ وہ علاقائی تجارت پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا بورڈ آف انوسٹمنٹ کو چاہیے کہ وہ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے مزید پرکشش پالیسیاں بنائے تا کہ صنعتکاری کو بہتر فروغ ملے ، برآمدت ترقی کریں اور ملک کا غیر ملکی قرضوں پر انحصار کم ہو۔

انہوں نے کہا انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ نجی شعبے کے ساتھ مل کر انجینئرنگ شعبے کی صنعتوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے تاکہ پاکستان برآمدات کیلئے ٹیکسٹائل مصنوعات پر انحصار کرنے کی بجائے انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دے کر معیشت کو مضبوط کر سکے کیونکہ اس وقت دنیا میں انجینئرنگ مصنوعات کی زیادہ مانگ پائی جاتی ہے ۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے کہا کہ پاکستان کو صرف تجارت کا مرکز بنانے کی بجائے صنعتکاری پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف ممالک کے ساتھ جو آزاد تجارت کے معاہدے کئے ہیں ان پر بھی نظرثانی کی ضرورت ہے کیونکہ نجی شعبہ ابھی تک ان معاہدوں سے بہتر استفادہ حاصل نہیں کر سکا۔ ۔

متعلقہ عنوان :