کراچی میں پلاسٹک، پرنٹنگ اینڈ پیکجنگ انڈسٹری، فوڈ اینڈ ٹیکنالوجی سے متعلق تین روزہ تھری پی نمائش ایکسپو سینٹر میں شروع

نمائش میں مقامی انڈسٹری کے علاوہ چین، جرمنی، اٹلی،سری لنکا اور سوئٹزرلینڈ کی 350 سے زائد کمپنیاں بھی شریک ہیں

جمعہ 16 مارچ 2018 17:06

کراچی میں پلاسٹک، پرنٹنگ اینڈ پیکجنگ انڈسٹری، فوڈ اینڈ ٹیکنالوجی سے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) کراچی میں پلاسٹک، پرنٹنگ اینڈ پیکجنگ انڈسٹری، فوڈ اینڈ ٹیکنالوجی سے متعلق تین روزہ تھری پی نمائش ایکسپو سینٹر میں شروع ہو گئی۔ نمائش میں مقامی انڈسٹری کے علاوہ چین، جرمنی، اٹلی،سری لنکا اور سوئٹزرلینڈ کی 350 سے زائد کمپنیاں بھی شریک ہیں۔تھری پی اور فوڈ اینڈ ٹیکنالوجی نمائش فیکٹ ایگزیبیشنز کے تحت منعقد کی گئی ہے جو اتوار کی شام تک جاری رہے گی۔

ایکسپو سینٹر میں نمائش کا افتتاح آج سوئس قونصل جنرل دیدئیر بوشنگ، جرمن قونصل جنرل رینرشیمنڈچن اور سی ای او فیکٹ ایگزیبیشنزسلیم خان تنولی نے فیتا کاٹ کرکیا۔ اس موقع پر مقامی و غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ افتتاح کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے سوئس قونصل جنرل فلپ ٹرووائسرنے کہا کہ پاکستان کے حالات بتدریج بہتر ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ایک بڑی ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے،مجھے خوشی ہے کہ سوئس مصنوعات بھی یہاں موجود ہیں۔ سوئس قونصل جنرل نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔ تاہم چین کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کے لیے چیلنجز کے ساتھ ساتھ سودمند بھی ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر سی ای او فیکٹ ایگزیبیشنز محمد سلیم خان تنولی نے میڈیا کو بتایا کہ اس نمائش میں مقامی و غیر ملکی 300 کمپنیاںشریک ہیں جنہوں نے پلاسٹک، پرنٹنگ اینڈ پیکجنگ، فوڈ اینڈ ٹیکنالوجی کے جدید ٹرینڈ کو متعارف کرایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نمائش کا مقصد دنیا بھرمیں ان شعبوں میں ہونے والی ترقی اور بہترین طریقوں کو پاکستان میں روشناس کرانا ہے۔ تھری پی پاکستان 2018 مینوفیکچرنگ سیکٹر کے لیے بھرپور کاروباری مواقع فراہم کرے گی۔یہ ایونٹ پلاسٹک، پرنٹنگ اینڈ پیکجنگ، فوڈ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کام کرنے والی مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو باہمی روابط استوار کرنے میں مدد کرے گا۔ محمد سلیم خان تنولی نے بتایا کہ اس سال نمائش میں15ہزار سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے۔