سابق امیدوار صوبائی اسمبلی خان محمد تنولی کے بھتیجے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا

جمعہ 16 مارچ 2018 16:44

سابق امیدوار صوبائی اسمبلی خان محمد تنولی کے بھتیجے کو فائرنگ کر کے ..
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) مانسہرہ کے حلقہ پی کے 57 سے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی خان محمد تنولی کے بھتیجے کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈی ایس پی اوگی بشیر خان، ایس ایچ او تھانہ دربند غلام مصطفیٰ جائے وقوعہ پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے حلقہ پی کے 57- سے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی خان محمد تنولی اور یو سی کروڑی سے ممبر ضلع کونسل رفیق تنولی کا جواں سالہ بھتیجا اپنے گائوں بانڈی بالا سے گھر والوں کے ہمراہ قریبی رشتہ داروں کے ہاں شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے جا رہا تھا کہ راستہ میں تاک میں بیٹھے ملزمان نے ان پر فائرنگ شروع کر دی، گولیاں لگنے سے نوجوان شفیق ولد وزیر محمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

واقعہ کی اطلاع پر ڈی ایس پی اوگی بشیر خان اور ایس ایچ او تھانہ دربند غلام مصطفیٰ جائے وقوعہ پہنچ گئے اور نعش ہسپتال منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالہ کر دی۔ پولیس نے رپورٹ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے۔