سائنس و ٹیکنالوجی کے دور میں تیز ترین ترقی کے لئے تحقیق انتہائی نا گزیر ہے، جامعات کا کردار اہم ثابت ہوگا ، قومی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی کی خدمات اہم ثابت ہوگی، محمد زبیر

گورنر سندھ کی شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ارشد سلیم سے گفتگو

جمعہ 16 مارچ 2018 16:32

سائنس و ٹیکنالوجی کے دور میں تیز ترین ترقی کے لئے تحقیق انتہائی نا گزیر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عصر حاضر سے ہم آہنگ قومی تقاضوں اور علمی ضروریات کو مدنظر رکھ کر جامعات کو اپنا نصاب ترتیب دیناہو گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ طالب علموں کو تحقیق کے ضمن میں بھرپور سہولیات فراہم کرناہوںگی ، سائنس و ٹیکنالوجی کے اس دور میں تیز ترین ترقی کے لئے تحقیق انتہائی نا گزیر ہے ، طالب علموں کو جدت پسندی ، عصری تبدیلیوںاور ملکی ترقی وخوشحالی کے لئے متعلقہ مضامین میں بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کا ر لانا چاہئے اس ضمن میں جامعات کا کردار اہم ثابت ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی ، شہید بینظیر آباد کے وائس چانسلر ارشد سلیم سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں جامعہ کی کارکردگی ، جاری ترقیاتی کام کے ضمن میں ہونے والی پیش رفت ، عصر تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کی تیاری، طالب علموں کو تحقیق کے ضمن میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں نظم و ضبط ، قواعد و ضوابط ، تنظیم اور اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ، نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق کے ضمن میں سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہونہار طالب علموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ، قومی تعمیر ، ترقی و خوشحالی میں جامعہ کی خدمات اہم ثابت ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروٖغ میں جامعات اہم کردار ادا کررہی ہیں اس ضمن میں وفاق ہر ممکن مدد ، تعاون اور معاونت جاری رکھے گا ، اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ہی روشن مستقبل کو استوار کیا جا سکتا ہے جس میں جامعات پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدت پسندی کے اس دور میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم ملک و قوم کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں ، سائنس و ٹیکنالوجی میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے طالب علموں کو آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس ضمن میں تحقیق پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے،اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کی بہتر خدمت اور عصر حاضر میں تیز ترین ترقی و خوشحالی کے لئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں ،ہمیں اپنے نوجوانوں کو عہد حاضر کے مطابق تیار کرنا ہوگا ۔

گورنر محمد زبیر نے کہا کہ جامعات میں نصاب کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی نوجوانوں کو بھرپور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے اس ضمن میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد انھیں غیر ضروری سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے میں اہم ثابت ہونگے ۔ ملاقات میں وائس چانسلر ارشدسلیم نے گورنر سندھ کو جامعہ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جامعہ میں نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طالب علموں کو نظم و ضبط کا پابند بنانے پر بھی زور دیا جا رہا ہے ، جامعہ کے مرتب کردہ رہنما اصولوں کا ہر ایک پابند ہے ، اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں ،عہد حاضر کے مطابق فیکلٹیز بھی ترتیب دی جارہی ہیں ۔