نوجوان روشن و تابناک مستقبل کی دلیل ہیں ،اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تحقیق بھی انتہائی نا گزیر ہے ، محمد زبیر

گورنر سندھ کا نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں اظہار خیال

جمعہ 16 مارچ 2018 16:32

نوجوان روشن و تابناک مستقبل کی دلیل ہیں ،اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملکی آبادی کے 60 فیصد سے زائد نوجوان روشن اور تابناک مستقبل کی دلیل ہیں ، ہمیں اپنے نوجوانوں کو عصر حاضر ، قومی تقاضوں اور ملکی ضروریات کے مطابق تیار کرنا ہوگا اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان کی ہنر مند نوجوانوں اور جامعات میں لیپ ٹاپ اسکیم عصر حاضر میں ترقی کے لئے اہم ثابت ہوگی ، پاکستانی نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار ، محنتی اور وژنری صلاحیتوں کے مالک ہیں ، قوم کے ان معماروں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تحقیق بھی انتہائی نا گزیر ہے اس ضمن میں سرکاری و نجی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں کراچی یوتھ فیڈریشن کے 15 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی ، عالمی معاشی نمایاں مقام ، عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق عوام الناس کا معیار زندگی بدلنے کے لئے ملک و قوم کی باگ دوڑ ان نوجوانوں نے ہی سنبھالنی ہے ،قوم کو اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر فخر ہے ، با صلاحیت نوجوان ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں ، ان نوجوانوں سے ہی ملک و قوم کا مستقبل روشن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں نوجوانوں کو ترقی کے لئے بھرپور مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں با الخصوص اعلیٰ تعلیم ، تحقیق اور دیگر تعمیری سرگرمیوں سے نوجوانوں کی بڑی تعداد منسلک ہے ، جامعات کے فارغ التحصیل نوجوان پاکستان نام روشن کررہے ہیں ، سائنس و ٹیکنالوجی کے اس دور میں پاکستانی نوجوان اپنی صلاحیتوں سے اہم ثابت ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ نے بھی قیام پاکستان سے قبل نوجوانوں سے ہی اپنی تمام امیدیں وابستہ کی تھیں ،یہ بات بھی تاریخ کا حصہ ہے کہ قیام پاکستان میں بھی نوجوانوں نے کلیدی کردار ادا کیا تھا ، آج بھی ان نوجوانوں سے قوم کوبڑی توقعات ہیں، شاعر مشرق کے شاہین آج بھی پوری آب و تاب سے ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے ہراول دستہ کا کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں جستجو ، جدوجہد ، کاوش ، تسخیر اور بلند حوصلہ کارفرما ہے ان نوجوانوں کی آنکھوں میں ایک چمک روشن مستقبل کی ضمانت ہے ، میں پر امید ہوں کہ ملک میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کے ہوتے ہوئے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے سے نہیں رو ک سکتی ہماری تمام خواہشات و توقعات کا محور یہ نوجوان ہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان با شعور ، با کردار ، باہمت اور خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہے ، ہمیں اپنے نوجوانوں سے بھرپور امید ہے کیونکہ وہ آئند ہ کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ، ملکی آبادی کے بڑے حصہ کو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق میں بھرپور شمولیت سے مستقبل کے اہداف با آسانی حاصل کئے جا سکتے ہیں اس ضمن میں حکومت ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کرتی رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اور کامیابی نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے انھیں اپنے کل کو بہتر بنانے کے لئے عصر تقاضوں سے ہم آہنگ ترقی کرنا ہوگی ، قوم کی امیدوں کا محور نوجوان عوام الناس کا معیار زندگی بہتر بنانے میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کا ر لائیں گے ۔ اس موقع پر فیڈریشن کے چیئر مین اور معرو ف اینکر محمد عمر خان نے گورنر سندھ کو فیڈریشن کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوانوں کو قومی تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے لئے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :