زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید8کروڑ88لاکھ ڈالر کمی تشویشناک ہے‘عارف قاسم

ملکی برآمدات میں کمی زرمبادلہ کے ذخائرمیں کمی کا باعث ہے،زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے‘صدربورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ

جمعہ 16 مارچ 2018 15:09

زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید8کروڑ88لاکھ ڈالر کمی تشویشناک ہے‘عارف قاسم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2018ء) تاجر رہنما سابق صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور عارف قاسم نے بیرونی قرضوں اور دیگر سرکاری مد میں ادائیگیوں کے باعث ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے بعد زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں مزید 8کروڑ 88لاکھ ڈالر کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات میں کمی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میںمسلسل کمی ہورہی ہے جو ملکی معاشی صورتحال کیلئے انتہائی سنگین مسئلہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتکاروں کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے کیونکہ بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگی اشیاء کے باعث بیرون ملک میں پاکستانی اشیاء کی مانگ میں کمی کے باعث ملکی برآمدات مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

عارف قاسم نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 9مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر کی سطح8کروڑ 88لاکھ ڈالر کی کمی سے 18ارب24کروڑ4لاکھ ڈالرز کی سطح پر آگئی ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کے ہمسائیہ ممالک میں بجلی و گیس کی قیمتیں پاکستان کی نسبت انتہائی کم ہیں جس کے باعث ان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں جبکہ پاکستان کی برآمدات کمی کا شکار ہیں برآمدات میں اضافہ کیلئے تجارتی پالیسی میں مختص فنڈز کو استعمال کرکے بیرون ملک نئی منڈیاں اور پاکستانی اشیاء کی نمائشوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہوسکے اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔