وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نجی دورے پر امریکہ پہنچ گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 16 مارچ 2018 10:31

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نجی دورے پر امریکہ پہنچ گئے
واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16 مارچ۔2018ء) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نجی دورے پر امریکہ پہنچ گئے، وزیراعظم اپنی بہن کی عیادت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نجی دورے پر امریکہ پہنچ گئے جہاں وہ فلاڈلفیا میں اپنی ہمشیرہ کی عیادت کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی فلاڈلفیا سے واشنگٹن ڈی سی اور نیوجرسی بھی جائیں گے جبکہ ان کے اس دورے میں امریکی انتظامیہ سے اہم ملاقاتوں کا بھی امکا ن ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 18 مارچ کو امریکہ سے لندن پہنچیں گے جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے، پاکستان ہائی کمیشن لندن کو کسی بھی قسم کے پروٹوکول سے روک دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں وزیراعظم پاکستان نے دورہ امریکہ کے دوران دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں اور عالمی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کے دروازے کھولے جانے کے بارے میں عالمی راہنماﺅں کو آگاہ کیا تھا۔انہوں نے اس موقع پر عالمی راہنماﺅں، تھنک ٹینکس اور بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کیں تھیں اور انہیں پاکستان سے دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا تھا۔